جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

پی ٹی آئی نے بہت جلد فوج سے مذاکرات ہونے کا دعویٰ کردیا

27 اپریل, 2024 09:41

پی ٹی آئی نے بہت جلد فوج سے مذاکرات ہونے کا دعویٰ کردیا۔  تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں۔

جیو نیوز کو ایک انٹرویو کے دوران شہر یار آفریدی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا  یہ خود محتاج ہیں، ریموٹ کنٹرول سے کنٹرول ہوتے ہیں، فارم 47 کے ذریعے ایوان میں آ گئے ہیں، عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے، یہ ہم سے کیا مذاکرات کریں گے؟

شہر یار آفریدی نے مزید کہا کہ فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے، ان لوگوں کو اسٹیبلشمنٹ نے سپورٹ کیا ہے، میرا لیڈر کوئی این آر او نہیں چاہتا، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے مذاکرات چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں:

سولر پینلز مزید مہنگے ہونے کا خدشہ، نئی قیمتیں سامنے آگئیں

پاکستان میں سولر پینلز لگانے پر کتنا ٹیکس عائد ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بدترین دھاندلی کے باوجود یہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں، ان میں اخلاقی جرات ہے تو خود کہیں کہ ہمیں عوام نے ووٹ نہیں دیا، حکومت چھوڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سی سی آئی میں کہتے ہیں فنڈز اور رائلٹی نہیں دی جا رہی، کیا یہ صوبہ کسی اور ملک کا ہے؟ خیبر پختونخوا اسی ملک کا صوبہ ہے اور ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔

شہریار آفریدی کا مذکورہ بیان نواز شریف کے قریبی ساتھی سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے حالیہ بیان میں پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج ہم ہیں کل نہیں ہوں گے آپ کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ احتجاج کیلیے محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں تو پاکستان کی خاطر ہمارے ساتھ بھی بیٹھ جائیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو ہتھکڑی لگتی ہے تو دکھ ہوتا ہے یہ روایات ختم ہونی چاہیے جھوٹے مقدمات ختم ہونے چاہییں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top