جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

یوم یکجہتی کشمیر، عسکری و قومی قیادت کا کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کا عہد

05 فروری, 2024 09:12

 

نگراں وزیراعظم انوارالحق نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال کی طرح آج بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہاہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت کرتے ہیں، کشمیری بہن بھائیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے،مسئلہ کشمیر کا حل یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کیاجائے،مسئلہ کشمیر کاحل یو این کے تحت غیر جانبدار،آزادانہ استصواب رائے سے کیاجائے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھاکہ 76سال سے بھارت نے غیر قانونی طورپرجموں وکشمیر پر تسلط جمارکھاہے، بھارتی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام کوڈرانے،دبانے کی مذموم مہم جاری ہے، بھارت معصوم کشمیریوں کوآہنی ہاتھوں سے دبانے کی کوششوں میں مصروف ہے، بھارت غیر قانونی حراست،زیرحراست تشدد جیسے ہتھکنڈے اپناتاہے۔

وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ بھارت نے کشمیری قیادت وانسانی حقوق کے علمبرداروں کوقید کیاہواہے،یہ زیادتیاں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوتی رہی ہے، بھارت کاجموں وکشمیر میں5اگست2019کااقدام بین الاقوامی قوانین کیخلاف ہے۔

صدرمملکت عارف علوی کا5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کابنیادی اصول ہے،اقوام متحدہ غیر ملکی قبضے کے تحت حق خودارادیت کے حصول کی واضح حمایت کرتاہے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال اس حوالے سے ایک قراردادمنظورکرتی ہے۔

صدرمملکت نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ کشمیری عوام اس ناقابل تنسیخ حق سے ابھی تک محروم ہیں،آج مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک ہےکشمیری عوام ایک خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔

صدرمملکت نے مزید کہا کہ بھارتی جابرانہ اقدامات کامقصد مقبوضہ کشمیر میں اختلاف رائے کوکچلنا ہے، بھارت مقبوضہ وجموں کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کررہاہے،بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی بناناچاہتاہے۔

آئی ایس پی آر نے یوم کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ مسلح افواج اور سروسز چیفس کشمیریوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیری عوام انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کامقابلہ کررہے ہیں،کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر طویل عرصے سے زیر التواحل طلب مسئلہ ہے،کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق مسئلہ حل ہونا چاہئے۔

یہ پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں انٹرنیٹ کی بندش، مودی سرکارکا نیا ہتھیار

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top