جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

بھارت میں اقلیتوں، صحافیوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں پر حملے ہوئے، امریکا

23 اپریل, 2024 14:05

امریکا نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں، صحافیوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں پر حملے کیے گئے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں بدسلوکی کے واقعات ہوئے اور ملک کے باقی حصوں میں اقلیتوں، صحافیوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں پر حملے ہوئے۔

خبر ایجنسیوں روئٹرز اور اے ایف پی کے مطابق ایک سال قبل عدالتی حکم کے تحت کوکی قبیلے کی مراعات بڑھانے کے بعد منی پور میں کوکی زو اور میتی قبائل کے درمیان پُرتشدد واقعات دیکھے گئے جن میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ منی پور میں مئی اور نومبر 2023 کے درمیان 60 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے تھے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کے دیگر حصوں میں ایسے واقعات کا ذکر کیا جن میں مودی سرکار اور اس کے اتحادیوں نے حکومت پر تنقید کرنے والے میڈیا اداروں پر دباؤ ڈالا یا انہیں ہراساں کیا گیا۔

صحافیوں کے حقوق کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے 2023 کے پریس فریڈم انڈیکس میں بھارت شدید تنزلی کے بعد 180 ممالک میں 161 نمبر پر آگیا۔

امریکا نے رپورٹ میں مزید کہا کہ بھارت کی مذہبی اقلیتوں نے تشدد اور غلط معلومات پھیلانے سمیت امتیازی سلوک کو رپورٹ کیا ہے۔

نریندر مودی اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی کی تردید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ان کی پالیسیوں کا مقصد ملک کے تمام شہریوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top