جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

خیبرپختونخواہ میں موسلادھار بارشوں سے 21 افراد جاں بحق

16 اپریل, 2024 13:15

خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران صوبے میں موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سرکاری ادارے کے مطابق مرنے والوں میں 9 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں جبکہ 32 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے 330 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 53 مکانات تباہ اور 277 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کو 200 خیمے، کمبل، مچھر دانیاں اور گدے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ 100 باورچی خانے کے سیٹ اور چٹائیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ دنوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ پیر کے روز بلوچستان حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث بارش اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔

جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ان میں کوہلو، موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی، مستونگ، نوشکی شامل ہیں۔

دریں اثنا چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، مستونگ، مسلم باغ، کان مہترزئی اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے درختوں، باغات اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے چاروں صوبوں میں وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج 16 اپریل کی رات کو مغربی لہر کے ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان  ہے جو 18 اپریل کو بالائی حصوں تک پھیل جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 اپریل تک بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کے پی میں 17 سے 21 اپریل تک جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں 18 سے 21 اپریل تک بارش وں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں 17 سے 19 اپریل تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان اور پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 24 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

مجموعی طور پر 16 افراد جنوبی پنجاب میں جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top