جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ واقعہ میں پکڑے گئے ملزمان کون نکلے؟

17 اپریل, 2024 16:24

بھارت میں پولیس نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے الزام میں جرائم پیشہ گروہ کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد اتوار کی صبح موٹر سائیکل پر آئے اور باندرہ کے متمول علاقے میں سلمان خان کے اپارٹمنٹ پر پانچ گولیاں چلائیں اور فرار ہوگئے تھے، پولیس کے مطابق 100 سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والے سپر اسٹار نے 20 سال قبل دو ہرنوں کو قتل کرکے بدنام زمانہ بشنوئی گینگ کو ناراض کیا تھا۔

پولیس کے مطابق24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ ساگر کمار پلک کو پیر کی رات گجرات کے کچھ ضلع میں ایک مندر کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے،  دونوں ملزمان نے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے گینگ کا تعلق ایک مذہبی فرقے سے ہے جو جانور کو مقدس سمجھتا ہے، حملے کے وقت اداکار اور خاندان کے کئی افراد گھر پر موجود تھے۔

حکام کے مطابق 58 سالہ اداکار کو گولی مارنے کا منصوبہ لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول نے ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے تیار کیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کا تعلق ایک مجرمانہ تنظیم سے ہے جس کی تشکیل اب جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کی تھی۔

اس گروپ نے ماضی میں سلمان خان کو 1998 میں راجستھان میں رہتے ہوئے کالے ہرن کے مبینہ قتل کے لئے دھمکی دی تھی اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جہاں وہ بلاک بسٹر فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ ٹائیگر زندہ ہے، سلطان اور پریم رتن دھن پایو جیسی فلموں میں کام کرنے والے سلمان خان کو 2018 میں محفوظ جانوروں کے شکار کے الزام میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن بعد میں اپیل پر ان کی سزاء معطل کر دی گئی تھی۔

بشنوئی اس وقت قتل کے متعدد ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث ہونے کے الزام میں جیل کی سزاء کاٹ رہے ہیں، جن میں 2022 میں بھارتی ریپر سدھو موس والا کا قتل بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ خان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ، لیکن حالیہ برسوں میں اداکار کو ملنے والی دھمکیوں کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top