جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

امریکا نے ٹک ٹاک پر پابندی کا ایک اور بل منظور کرلیا

21 اپریل, 2024 10:49

امریکی ایوان نمائندگان نے چین کی معروف ویڈیو شیئرنگ اور سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کا ایک اور بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق 17 کروڑ سے زائد امریکی صارفین کی حامل ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی کے حوالے سے امریکی ایوان نمائندگان میں ہونے والی ووٹنگ میں 360اراکین نے بل کے حق میں ووٹ دیے جبکہ اس کے برعکس بل کی مخالفت میں صرف 58 اراکین نے ووٹ دیے۔

یہ بل اب سے ایک ماہ قبل مارچ میں مںظور کیے بل سے کافی حد تک مطابقت رکھتا ہے البتہ اس میں ایپلی کیشن پر پابندی اور چینی کمپنی سے علیحدگی کے حوالے سے دی گئی مدت میں سابقہ بل کی نسبت نرمی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، علاوہ ازیں بل پر دستخط کے بعد ٹک ٹاک کو 270 دن میں نیا مالک ڈھونڈنا ہوگا۔

دوسری جانب ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے مالک ایلون مسک ٹک ٹاک پر امریکی پابندی کی مخالفت کی تھی، ایلون مسک نے ایکس پر پابندی کے خلاف دلائل دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس سے اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی ہوگی۔

قبل ازیں ایوان نمائندگان نے اصل میں مارچ میں ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت اگر ٹک ٹاک کو چھ ماہ کے اندر فروخت نہیں کیا جاتا تو اس پر پابندی عائد کی جاسکتی تھی لیکن یہ اقدام سینیٹ میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے 2ماہ قبل ہی ٹک ٹاک کو جوائن کیا تھا جب کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں اس مقبول ایپ پر پابندی کی تجویز پیش کی تھی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top