جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

امریکا: اسرائیل اور یوکرین کیلئے 95 ارب ڈالر کا جنگی امداد بل منظور

24 اپریل, 2024 14:21

امریکی ایوان نمائندگان کے بعد سینیٹ نے بھی یوکرین، اسرائیل اور تائیوان کے لیے 95 ارب ڈالر جنگی امداد کا بل منظور کر لیا جو صدر بائیڈن کے دستخط کے بعد قانونی شکل اختیار کر لے گا۔

طویل انتظار اور بحث و مباحثے کے بعد جنگی امدادی پیکج بل کی منظوری کے لیے اسے سینیٹ میں پیش کیا گیا جس پر 79 ارکان نے بل کے حق میں جب کہ 18 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

خبر ایجنسی اے پی کے مطابق امدادی پیکج بل پر دستخط کے لیے اسے صدر جو بائیڈن کے آفس بھیج دیا گیا۔

قبل ازیں جو بائیڈں کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ بل پر دستخط کر دیں گے جس کے بعد یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگا۔

بل کے تحت 61 ارب ڈالر یوکرین کو فراہم کیے جائیں گے جب کہ 26 ارب ڈالر کے امدادی پیکچ سے اسرائیل اور غزہ جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کی جائے گی۔

اسی طرح انڈوپیسیفک ریجن اور تائیوان میں چین کے خطرے سے نمٹنے کے لیے آٹھ ارب ڈالر مختص کیے گئے۔

سینیٹ فلور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹ کے اکثریتی لیڈر چک شومر نے کہا کہ آج ایوان نے اپنے اتحادیوں کو پیغام دیا ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

سینیٹ اجلاس سے قبل چک شومر کا کہنا تھا کہ اگر سینیٹ سے بل منظور نہ ہوا تو امریکہ معاشی، سیاسی اور عسکری طور پر اس کی قیمت ادا کرے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top