جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

کیا پرویز خٹک پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں؟

17 اپریل, 2024 14:04

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کے لیے لابنگ شروع کردی۔

خٹک کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں شکست کے بعد سیاست چھوڑنے کے باوجود پیپلز پارٹی میں شمولیت پر غور کر رہے ہیں، اس شکست کے بعد پرویز خٹک سیاسی ہلچل میں چلے گئے تھے، تاہم اب سابق وزیر دفاع عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اپنے حامیوں تک پہنچ گئے ہیں۔

دی نیوز کے مطابق پرویز خٹک نے راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ اور دیگر سمیت پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سے پارٹی میں شمولیت کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم پرویز خٹک کو بتایا گیا کہ ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پارٹی کی مقامی شاخ کی جانب سے ان کی شمولیت پر رضامندی سے مشروط ہوگی۔

نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے رہنما الیاس خان نے تصدیق کی کہ خورشید شاہ نے پارٹی کے نوشہرہ کے جنرل سیکریٹری سعید اللہ سے رابطہ کرتے ہوئے خٹک کی پارٹی میں شمولیت کی پیشکش پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سعید اللہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سابق وزیر دفاع کے ساتھ پیپلز پارٹی نوشہرہ کے عہدیداروں کی ملاقات کا اہتمام کریں اور اگر وہ چاہیں تو قیادت خٹک کو پارٹی کی صفوں میں شامل کرے گی۔

خیال رہے کہ الیاس نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز خٹک نے اسلام آباد میں پیپلز پارٹی نوشہرہ کی قیادت کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پرویز خٹک سے کچھ وقت مانگا تھا تاکہ وہ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما لیاقت شباب کی بیوہ سے اس معاملے پر بات کر سکیں جن کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ کے اختلافات تھے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ اگر پرویز خٹک پی میں شامل ہوتے ہیں تو کیا وہ گورنر خیبر پختونخوا بن سکتے ہیں، الیاس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس پر بات کریں گے لیکن واضح کیا کہ پارٹی نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

دریں اثنا، خاندانی ذرائع کے مطابق، سابق وزیر اعلیٰ اپنے منحرف بھائی کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جو جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شامل ہوئے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top