جمعہ، 10-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعہ، 10-مئی،2024

EN

ایرانی خاتون اول کی کتاب ”نسوانی زندگی کا فن” کی رونمائی کردی گئی

24 اپریل, 2024 16:27

 ایران کی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدی کی اردو ترجمہ پر مبنی کتاب ” نسوانی زندگی کا فن” کی کراچی میں رونمائی کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کتاب کی تقریب رونمائی آئی بی اے سٹی کیمپس میں جامعہ کراچی کے تحت منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی جبکہ ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی ریحانہ رئیسی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدی کو جامعہ کراچی کی جانب سے شیلڈ پیش کی، جبکہ جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ اسلامی علوم ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کو جامعہ کراچی کا نشان سپاس پیش کیا گیا۔

کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ایرانی خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ نے کہا کہ معاشرے اور بالخصوص اسلامی تمدن میں خواتین کا اہم کردار ہے۔ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ نے تقریب میں خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی خواتین بھی اسلامی حجاب کی جانب مائل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب سے بھی برسوں قبل پاکستان بھی اسلامی بنیادوں پر وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے پاکستانی خواتین کو سائنس، سوشل سائنس اور اسلامی علوم میں مشترکہ تحقیق کی دعوت بھی دی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خطاب میں رئیس کلیہ معارف اسلامی پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تمدن خواتین کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتی۔ ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب جدید اسلامی تمدن کی بنیاد رکھنا ہوگی، جس میں خواتین کا کردار اہم ہوگا۔

خیال رہے کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی جامعہ کراچی کی جانب سے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دیئے جانے کی تقریب میں عین اسی وقت شرکت کے سبب مذکورہ تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top