جمعرات، 9-مئی،2024
( 01 ذوالقعدہ 1445 )
جمعرات، 9-مئی،2024

EN

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس پہلی بار 72 ہزار پوائنٹس سے متجاوز

24 اپریل, 2024 12:09

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی سطح عبور کرنے میں کامیاب رہا۔

بینچ مارک انڈیکس 692 پوائنٹس اضافے کے ساتھ  72,051 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے  جب کہ اس سے قبل کاروبار کے دوران یہ 72,414.32 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی جبکہ پی پی ایل، او جی ڈی سی، پی ایس او، ایس ای ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں اضافہ دیکھا گیا۔

مارکیٹ کے ماہرین نے خریداری میں اضافے کی وجہ معاشی اشاریوں میں بہتری کو قرار دیا کیونکہ مارکیٹ کو آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم او سی) کے اجلاس میں شرح سود میں کمی کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں تقریبا 1000 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ ادارہ جاتی خریداری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کے ریکارڈ کے بعد سرمایہ کاروں کو اب اپریل کے کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) میں بڑی گراوٹ کی توقع ہے جس کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں شرح سود میں کمی ہوسکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2024 میں پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 61 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سرپلس ہوا جو اس سے قبل کے 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے نظر ثانی شدہ سرپلس کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایکس میں رینج باونڈ سیشن دیکھنے میں آیا اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 74 پوائنٹس کی معمولی کمی سے 71359.41 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top