منگل، 7-مئی،2024
( 28 شوال 1445 )
منگل، 7-مئی،2024

EN

پاکستان نے انسانی حقوق کی امریکی رپورٹ مسترد کردی

26 اپریل, 2024 09:40

پاکستان کی وزارت خارجہ نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ انسانی حقوق کی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مندرجات غیر منصفانہ، غلط معلومات پر مبنی اور زمینی حقائق سے مکمل طور پر مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ان رپورٹوں کو مرتب کرنے کے طریقہ کار میں بھی خامیاں ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی رپورٹس کو حتمی شکل دینے میں معروضیت، غیر جانبداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے فریم ورک کو مضبوط بنانے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ یہ رپورٹیں دوسرے ممالک میں انسانی حقوق کو سیاسی طور پر متعصب انہ انداز میں جانچنے کے لئے گھریلو سماجی عینک کا استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کی رپورٹ ایک بار پھر غیر جانبداری کے فقدان اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی ایجنڈے کو سیاسی رنگ دینے کی وجہ سے نمایاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکی محکمہ خارجہ پیچیدہ معاملات کا جائزہ لیتے وقت کم از کم مناسب احتیاط سے کام لے گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top