جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

تحائف کی تفصیل نہ بتانا دراصل عمران نیازی کا اقرار جرم ہے: احسن اقبال

03 اکتوبر, 2021 16:15

نارووال: احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اگر یہ بات درست ہے تو عمران نیازی کو فوری مستعفی ہونا چاہیے، تحائف کی تفصیل نہ بتانا دراصل عمران نیازی کا اقرار جرم ہے۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج پنڈورا لیکس نے عمران احمد نیازی کا پنڈورا کھول دیا ہے، آج صادق و امین کی 2 آف شور کمپنیاں اور نکل آئی ہیں، لیکس ابھی آئی نہیں ترجمانوں نے صفائیاں دینی شروع کر دی ہیں، اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترجمان کہتے ہیں تحائف کی تفصیل سے عرب ممالک کے سربراہ ناراض ہو جائیں گے، عرب ممالک کے سربراہ کیوں ناراض ہونگے، انہوں نے کوئی سستے تحفے تو نہیں دیے، مسئلہ صرف یہ ہے کہ تفصیل بتانے سے کپتان کی چوری پکڑی جائے گی، کتنے شرم کی بات ہے آج سوشل میڈیا گھڑی بیچنے کی کہانیوں سے بھرا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہانی ہر پاکستانی کے لیے باعث شرم ہے، تحقیقات ہونی چاہیے، اگر یہ بات درست ہے تو عمران نیازی کو فوری مستعفی ہونا چاہیے، تحائف کی تفصیل نہ بتانا دراصل عمران نیازی کا اقرار جرم ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ دال میں کالا نہیں، بلکہ دال میں سوپر کالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑا ایماندار بنتا تھا، ایمانداری کا لبادہ اوڑھ کر عوام کو بے وقوف بنایا گیا، اس کرپٹ، نااہل نالائق حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں، اسمبلی اجلاس میں مسلسل آٹھ دن کورم توڑ کے ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم پر عدم اعتماد کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکمران ان منصوبوں کو متنازع کررہے ہیں جس سے عوام فائدہ اٹھا رہے ہیں: احسن اقبال

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں صدر پاکستان مطالبہ کرتا ہوں وزیر اعظم کو دوبارہ اعتماد کا ووٹ لینے کا حکم جاری کریں، الیکشن چرانے کی ان کی سکیم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،

پاکستانی عوام مہنگائی،بے روزگاری اور مایوسی کا ان سے ووٹ کے ذریعے انتقام لے گی، آئندہ الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم چلانے والا شخص بیرون ملک سے ملے تحائف چھپا رہا ہے، پنڈورا بکس نے ایمانداروں کی شرافت سے پردہ اٹھا دیا ہے، ملک میں مہنگائی حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہے، آج پاکستان کے عام شہری کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 25 سے 30 ہزار روپے تنخواہ لینے والا گھر کے اخراجات پورے نہیں کر سکتا، آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، عمران خان نے لیپ ٹاپ پر بڑے بڑے لوگوں کو سبز باغ دکھائے، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت سسک رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس اور پنڈورا بکس میں نام آنے پر عمران خان مستعفی ہوں، عمران خان دوبارہ پارلیمنٹ سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں، حکمران ای وی ایم استعمال کرکے عوام کے ووٹ چرانا چاہتی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top