مقبول خبریں
شمالی کوریا کا ‘سپر لارج وار ہیڈ’ سے لیس نئے بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ
شمالی کوریا نے ‘سپر لارج وار ہیڈ’ سے لیس نئے بیلسٹک میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے انتہائی بڑے وار ہیڈز اور ترمیم شدہ کروز میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے نئے ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا جبکہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے روایتی ہتھیاروں اور جوہری صلاحیتوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
ان تجربات کی قیادت کرنے والے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ان تجربات کی ضرورت ہے کیونکہ بیرونی افواج کی جانب سے ملکی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
یہ بیان جنوبی کوریا کی فوج کی جانب سے بدھ کے روز مختصر فاصلے تک مار کرنے والے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے داغے جانے کے بعد سامنے آیا۔
گزشتہ ہفتے شمالی کوریا نے بھی یورینیم کی افزودگی کی تنصیب کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ ان نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں جوہری طاقت کو مضبوط بنانے اور روایتی ہتھیاروں کے میدان میں بھی مضبوط ترین فوجی تکنیکی صلاحیت رکھنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان تجربات میں نئے ٹیکٹیکل بیلسٹک ہواسونگفو-11-ڈی اے-4.5 میزائل شامل تھے جب کہ میزائل کو 4.5 ٹن وزنی انتہائی بڑے روایتی وار ہیڈ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔