بدھ، 9-اکتوبر،2024
بدھ 1446/04/06هـ (09-10-2024م)

عید میلاد النبی جلوس میں ایک شخص گٹکا تقسیم کرنے لگا، ویڈیو وائرل

19 ستمبر, 2024 13:26

کراچی میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس کے دوران عوام میں ممنوعہ گٹکا تقسیم کرنے والا شخص پکڑا گیا ہے۔

شہر قائد میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس کے شرکاء میں ایک شخص ممنوعہ گٹکا تقسیم کر رہا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے صارفین نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر غم و غصے کا اظہار کیا جب کہ بہت سے لوگوں نے اس شخص کے اقدامات کی مذمت کی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شخص ایک ٹرک پر کھڑا ہو کر جلوس کے شرکاء میں آزادانہ طور پر گٹکا تقسیم کر رہا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے گٹکے کی پیداوار، فروخت اور کھپت کے خاتمے کی کوششوں کے پیش نظر یہ واقعہ پریشان کن ہے۔

2023 میں سندھ اسمبلی نے متفقہ طور پر گٹکے اور مین پوری کی تیاری، مینوفیکچرنگ، اسٹوریج، فروخت اور استعمال کے خلاف ترمیمی بل منظور کیا تھا۔

اس ترمیم شدہ بل کے تحت جرم ثابت ہونے پر مجرم کو تین سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

بل میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ گٹکا سے متعلق معاملوں کی سماعت سیشن عدالت کے بجائے فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں کی جائے گی۔

ترامیم کا مقصد شہریوں کو گٹکا کے استعمال کے مضر اثرات سے بچانا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top