جمعرات، 2-مئی،2024
( 23 شوال 1445 )
جمعرات، 2-مئی،2024

EN

پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہیں لیکن اصلاحات ضروری ہیں، آئی ایم ایف

19 اپریل, 2024 18:47

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اصلاحات کی رفتار کو تیز کریں۔

آئی ایم ایف عہدیدار نے زور دے کر کہا کہ پروگرام کے حجم سے زیادہ اہم اصلاحاتی پیکیج ہے کیونکہ پاکستان مالیاتی ادارے پر انحصار کم کرنا چاہتا ہے۔

جمعرات کو آئی ایم ایف 2024 کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف میں مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے کہا کہ اصلاحات کا پیکیج اب پروگرام کے حجم سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں دیکھا صحیح اقدامات نے صحیح ردعمل فراہم کیا، مارکیٹ کا رد عمل مثبت تھا،  ذخائر کو مرکزی بینک کی سطح پر دوبارہ تعمیر کیا گیا اور ترقی کے امکانات میں بھی بہتری آئی۔

آئی ایم ایف عہدیدار نے کہا کہ ہمارے پاس کئی پروگرام ہیں، لیکن ترجیحات اب بھی موجود ہیں اور اس لیے جب حکومت اس کے لیے کہے گی تو فنڈ مدد کے لیے تیار ہے۔

جہاد ازور  کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان کے دوطرفہ شراکت دار بھی پاکستان کو اضافی مالی مدد فراہم کرنے کے پروگرام کے منتظر ہیں۔

گزشتہ برس موسم گرما میں پاکستانی حکام کے ساتھ آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے (ایس بی اے) پر دستخط کے بارے میں جہاد نے کہا کہ اس پروگرام نے پاکستان کو معاشی استحکام کے حوالے سے کئی اہم سنگ میل عبور کرنے کا موقع فراہم کیا۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں جہاد ازور نے کہا کہ پاکستانی حکام نے ایک نئے پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاکہ ملک کو کچھ اہم چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

آئی ایم ایف عہدیدار نے کہا کہ پاکستان کو ایک میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنا ہے، اس کے لئے بجٹ خسارے کی سطح کو کم اور محصولات کی صورتحال کو بہتر بنا کر مالی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لئے کام جاری رکھنے کی ضرورت ہوگی، جو ماضی میں اہم چیلنجوں میں سے ایک تھا۔

جہاد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آمدنی میں اضافے سے پاکستانی حکومت کو نہ صرف اپنے قرضوں کی صورتحال سے نمٹنے کا موقع ملے گا بلکہ اضافی سماجی مدد کی گنجائش بھی فراہم ہوگی۔

 

ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرا ستون توانائی کے شعبے میں اصلاحات ہے، تیسرا مقصد اس معیشت کی ترقی کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے، البتہ پاکستان ایک بڑی معیشت ہے جس میں بہت زیادہ صلاحیت ہے۔

 

یہ وہ اہم ستون ہیں جن کی پاکستان کو اپنی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہوگی اور فنڈ تعاون کے لئے تیار ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top