جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

2023 میں کن بڑے کھلاڑیوں نے کرکٹ کو خیرباد کہا؟

31 دسمبر, 2023 15:04

سال 2023 اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے اور یہ کئی کرکٹر کے لیے بہترین سال رہا۔ اس سال متعدد کرکٹرز نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا جبکہ کئی نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان بھی کیا۔

دنیا بھر میں کئی ایسے کرکٹرز رہے، جنہوں نے اس سال کرکٹ کو خیرباد کہا۔

ڈیوڈ وارنر

 

آسٹریلیا کے بہترین بلے باز ڈیوڈ وارنر پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

وارنر اس ٹیسٹ میچ کے بعد ٹیسٹ کو الوداع کہہ دیں گے، وہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ پاکستان کے خلاف یہ ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

تاہم وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

میگ لیننگ

 

آسٹریلیائی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ بھی رواں سال کرکٹ کو الوداع کہہ چکی ہیں۔

لیننگ نے نومبر 2023 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

31 سالہ لیننگ نے 241 میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

2010 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والی لیننگ نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں مشترکہ طور پر 8000 سے زیادہ رنز بنائے۔

اسٹوورٹ براڈ

 

اسٹوورٹ براڈ کرکٹ کی دنیا جانے مانے کرکٹرز میں سے ایک ہیں۔

برطانوی فاسٹ باؤلر نے اپنے کیریئر کا آخری انٹرنیشنل میچ ایشز سیریز 2023 کے دوران کھیلا۔

براڈ نے بین الاقوامی کرکٹ میں 847 وکٹیں لینے کے بعد اپنے کیریئر کا اختتام کیا۔

براڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 604 وکٹیں حاصل کیں جو کہ کسی فاسٹ باؤلر کیلئے آسان کام نہیں ہے۔

کوئنٹن ڈی کاک

 

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر، بلے باز کوئنٹن ڈی کاک نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بعد ون ڈے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا۔

ون ڈے ورلڈ کپ میں ڈی کاک کی کارکردگی بے مثال رہی۔

31 سالہ ڈی کاک پہلے ہی ٹیسٹ سے ریٹائر ہو چکے تھے، اب وہ صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلتے نظر آئیں گے۔

سنیل نارائن

 

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر سنیل نارائن نے رواں سال نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ تاہم وہ فرنچائز ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنا جاری رکھیں گے۔

سنیل نے چھ ٹیسٹ، 65 ون ڈے اور 49 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔

مرلی وجے

 

بھارتی بلے باز مرلی وجے بھی اس سال کرکٹ کو خیرباد کہہ گئے۔

انہوں نے بھارت کے لئے 61 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

مرلی وجے نے 30 جنوری 2023 کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

جوگیندر شرما

 

بھارت کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 کا ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ باؤلر جوگیندر شرما نے سال 2023 میں کرکٹ کے سبھی فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

جوگیندر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف آخری اوور میں شاندار بالنگ کرکے بھارت کو تاریخی جیت دلائی تھی۔

اس فاسٹ باؤلر نے رواں سال 3 فروری کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

گور کیرت سنگھ مان

 

آل راؤنڈر گورکیرت سنگھ مان نے نومبر 2023 میں انٹرنیشنل اور بھارتی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

گورکیرت سنگھ مان نے بھارت کے لیے تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے، وہ آخری بار بھارت کے لیے 2016 میں کھیلے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top