مقبول خبریں
پاکستان چین سے شکست کھا کر ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی سے باہر
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان کو پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر میزبان چین نے فائنل میں جگہ بنا لی۔
چین کے ہولون بوئر سٹی میں واقع موکی ہاکی ٹریننگ بیس میں منعقد ہونے والا یہ میچ انتہائی کشیدہ اور سخت مقابلے کے طور پر سامنے آیا جس میں دونوں ٹیموں نے غیر معمولی مہارت اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔
ایک، ایک گول سے برابر میچ میں پاکستان شوٹ آؤٹ کے ساتھ اپنی قسمت بدلنے میں ناکام رہا اور بالآخر چین کے ہاتھوں مسلسل چار پینلٹی گنوانے کے بعد نہ صرف مقابلہ ہارا بلکہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی دوڑ سے بھی باہر ہوگیا۔
چین پینلٹی شوٹ آؤٹ مرحلے میں پاکستان کے مقابلے 2-0 سے فتح حاصل کرکے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔
میچ کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، پاکستان اور چین نے مقابلہ زندہ رکھنے کے لئے ایک ایک گول اسکور کیا۔
چین اور پاکستان نے بڑی تیز رفتاری اور جارحانہ انداز میں کھیلا اور دونوں ٹیموں کا دفاع مضبوط رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی
چین نے دوسرے کوارٹر میں پہلا گول حاصل کیا جبکہ پاکستان کے احمد ندیم نے تیسرے کوارٹر میں گول کرکے میچ کو فیصلہ کن پینلٹی شوٹ آؤٹ میں پہنچا دیا تھا۔
اب ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں چین کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم جنوبی کوریا یا بھارت سے ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کو ہفتے کے روز اپنے آخری راؤنڈ کے میچ میں بھارت کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔