جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سابق چیئرمین نیب کی طیبہ گل معاملے پر انکوائری کمیشن کے قیام کیخلاف درخواست

02 اگست, 2022 11:34

لاہور : سابق چیئرمین نیب نے طیبہ گل کے معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن کے قیام کو چیلنج کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے طیبہ گل کے معاملے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیشن کے قیام کے خلاف درخواست دائر کردی ہے۔

وکیل صفدر شاہین پیرزادہ کے توسط سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ طیبہ گُل نے جنسی ہراسانی کے معاملے پر احتساب عدالت لاہور  اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے رجوع کیا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کا طیبہ گل کے معاملے پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

درخواست کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے پبلک اکاؤونٹس کمیٹی کی جانب سے طلبی کے نوٹس پر حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔ معاملہ عدالت میں ہونے کے باوجود وفاقی حکومت نے انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا۔ یہ اقدام غیر قانونی ہے۔

چیئرمین نیب کی درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ آئین اور قانون کے تحت ایک ہی معاملے پر ایک سے زیادہ قانونی کارروائی نہیں ہوسکتی ہے۔ قانون کے تحت انکوائری کمیشن مفاد عامہ کے معاملے پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ طیبہ گل درخواست گزار کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے الزامات عائد کر رہی ہے۔ عدالت طیبہ گل معاملے کے لئے قائم انکوائری کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top