جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آپ اداس ہیں تو نیلا اور خوش ہیں تو پیلا بٹن دبائیں

20 جنوری, 2021 16:21

کلائی پر پہننے والا یہ سلیکون کا بینڈ ورزش کے دوران دل کی دھڑکن کا حساب رکھنے والا ایک عام سا بینڈ معلوم ہوتا ہے مگر ’موڈ بیم‘ کہلانے والی یہ ٹیکنالوجی آپ کی جسمانی صحت نھیں بلکہ آپ کے باس کے لیے بنائی گئی ہے تاکہ وہ آپ کے جذبات کو سمجھ سکیں

یہ بینڈ ایک موبائل فون ایپ اور ایک ویب انٹرفیس سے منسلک ہے اور اس میں پیلے اور نیلے رنگ کے دو بٹن موجود ہیں۔ خیال یہ ہے کہ اگر آپ اداس ہیں تو نیلا اور اگر خوش ہیں تو پیلا بٹن دبانا ہے۔

اسے وہ کمپنیاں استعمال کریں گی جو گھر سے کام کرنے والے افراد کی جذباتی کیفیت پر نظر رکھنا چاہتی ہیں۔ ملازمین کو یہ رِسٹ بینڈ پہننے کی ترغیب دی جائے گی (وہ نہ کہہ سکتے ہیں) اور وہ پورے ہفتے کے دوران جب بھی مناسب سمجھیں، تو متعلقہ بٹن دبا سکتے ہیں۔

اس کے بعد ٹیم کے مینیجرز ایک آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے یہ دیکھ سکتے ہیں کہ ان کے ملازمین کیسا محسوس کر رہے ہیں اور حالات سے کیسے نمٹ رہے ہیں چونکہ اب باسز اپنی ٹیم سے بالمشافہ ملاقات نہیں کر سکتے اس لیے موڈ بیم کے ذریعے یہ خلیج دور کرنے کی امید کی جا رہی ہے۔

موڈ بیم کی شریک بانی کرسٹینا کولمر میک ہیو کہتی ہیں: ‘کاروبار گھر سے کام کرنے والے اپنے سٹاف کے ساتھ منسلک رہنا چاہتے ہیں یہاں پر یہ 500 لوگوں سے ایک ہی وقت میں فون اٹھائے بغیر پوچھ سکتے ہیں کہ ‘کیا آپ ٹھیک ہیں؟

کئی بچوں بالخصوص ٹین ایجر بٹن دبا کر اپنے والدین کو آگاہ کرنے کے خیال سے گھبرائیں گے، تو ایسی صورت میں ملازمین کا اپنے باس کے ساتھ ایسا کرنا کتنا ممکن ہے؟

کرسٹینا کی فرم انگلینڈ کے علاقے ہل میں واقع ہے اور وہ کہتی ہیں کہ کئی ملازمین درحقیقت خوشی خوشی ایسا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق ٹرائل کے دوران انھوں نے ڈیٹا کو خفیہ رکھا تھا مگر بعد میں جب یہ پایا کہ لوگ شناخت کیا جانا چاہتے ہیں، تو انھوں نے شناخت ظاہر کردی تھی۔

موڈ بیم استعمال کرنے والی ایک تنظیم برطانوی فلاحی ادارہ بریو مائنڈ ہے۔

ذہنی صحت پر کام کرنے والی فلاحی تنظیم مائنڈ کے مطابق 60 فیصد بالغان کے مطابق پہلے لاک ڈاؤن کے دوران ان کی ذہنی صحت مزید خراب ہوئی۔ اور ہیومن ریسورس کے سافٹ ویئر بنانے والی فرم ایمپلائمنٹ ہیرو کے مطابق چھوٹے اور درمیانے حجم کی برطانوی کمپنیوں میں کام کرنے والے لوگوں کو عالمی وبا کے دوران ذہنی صحت کے حوالے سے مزید مدد کی ضرورت محسوس ہوئی۔

برطانیہ میں زیادہ تر لوگوں کا دفتر میں جلد واپس جانے کا کوئی امکان نھیں ہے، اس لیے ٹیکنالوجی کمپنیاں کوشش کر رہی ہیں تاکہ کمپنیوں کو اپنے ملازمین کی جذباتی کیفیت کی دیکھ بھال کرنے کے مزید راستے ملیں۔

سان فرانسسکو میں ذہنی صحت کی ایپ ماڈرن ہیلتھ کا مقصد ہے کہ کمپنیوں کو اپنے ملازمین سے ذہنی صحت کے متعدد وسائل مثلاً تھیراپسٹس کے ساتھ سیشنز کے ذریعے منسلک کر دیا جائے۔

دنیا کی 190 کمپنیاں ماڈرن ہیلتھ استعمال کر رہی ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ایلیسن واٹسن کہتے ہیں کہ اس کا مقصد ملازمین کو ایسے وسائل فراہم کرنا ہے جس سے وہ خود کو مضبوط اور لچکدار بنا سکیں۔

کام اور آرام کے درمیان مٹتی ہوئی اس سرحد کی ایک اہم وجہ گھر سے کام کرنا ہے جس سے ہم میں سے کئی لوگ گزر رہے ہیں۔ اس لیے ان دونوں میں فاصلہ پیدا کرنے کے لیے مائیکروسافٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنی فائل شیئرنگ اور ویڈیو کانفرنسنگ کی ایپلیکیشن ‘مائیکروسافٹ ٹیمز’ کے درمیان ایک ‘ورچوئل سفر’ متعارف کروائے گی۔

مائیکروسافٹ کے ورک پلیس انٹیلیجنس شعبے کے جنرل مینیجر کمل جنردھن کہتے ہیں: ‘کسی کو بھی گھر اور دفتر کے درمیان سفر پسند نہیں ہوتا تاہم ہم نے اپنی تحقیق میں پایا ہے کہ لوگوں کو کام اور زندگی کے درمیان ذہنی یکسوئی کے ساتھ منتقلی کے تصور کو پسند کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مائیکروسافٹ ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے باوجود ٹک ٹاک خریدنے کی خواہشمند

ذہنی صحت کے لیے کام کرنے والی فلاحی تنظیم مائنڈ کا کہنا ہے کہ جب تک لوگ گھروں سے کام کرتے رہیں گے تب تک ‘یہ بہت اہم ہے کہ (باسز) اپنے عملے کی ذہنی صحت کو ترجیح دینے کا عزم کریں۔

مائنڈ کی ایما مامو کہتی ہیں کہ ‘جو باسز اپنے عملے کی ذہنی فلاح پر زیادہ توجہ دیتے ہیں، ان کے سٹاف کا زیادہ بھرپور کارکردگی دکھانے کا امکان بڑھ جاتا ہے، ان میں مجموعی طور پر بیماری کی وجہ سے یا کوئی چھٹی لینے کا امکان کم ہوتا ہے۔

وہ کہتے ہیں: ‘یہ موڈ اور ذہنی صحت کے متعلق نہایت قابلِ قدر ارادے ہیں مگر گھر سے کام کرنے والے سٹاف کا دھیان رکھنے والے باسز کو ملازمین کا احساسِ تنہائی دور کرنا چاہیے۔

یونڈرڈیسک مختلف کمپنیوں کے لیے ڈیجیٹل آفس بناتی ہے جس میں ہر اہلکار کو ایک مخصوص ڈیسک دی جاتی ہے۔ یہ آفس کمپنی کے اصل ڈیزائن کے مطابق بھی بنایا جا سکتا ہے اور اس کا ڈیزائن بالکل مختلف اور نیا بھی ہو سکتا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top