مقبول خبریں
اب انٹرنیٹ کیبلز سے زلزلوں کی پیمائش ہوگی
کیلیفورنیا: گوگل نے عالمی سمندروں کے فرش پر بچھی ہزاروں کلومیٹر طویل انٹرنیٹ کیبل کو کامیابی سے زلزلہ پیما کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح ہزاروں کلومیٹر طویل رقبے پر پھیلے ہوئے تارکو زلزلہ پیما بنایا جاسکتا ہے۔
بحرالکاہل کے تہہ میں گوگل نے جدید ترین انٹرنیٹ کیبل کچھ عرصے قبل ہی بچھائی تھی۔ سمندری لہروں کی ہلچل اور دیگر تبدیلیوں کی وجہ سے یہ بہت درستگی سے زلزلوں کی پیمائش کرسکتی ہے۔
کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر زونگ وین زان اور گوگل کے ماہرین نے ٹریفک ڈیٹا، کیبل کی حرکات اور دباؤ کو استعمال کرتے ہوئے سمندری طوفان اور زلزلوں کو شناخت کیا ہے۔
صرف نو ماہ کے دوران کیبل نے 30 سمندری طوفانوں اور 20 کے قریب زلزلوں کو کامیابی سے شناخت کیا ہے۔ سارے زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5 تھی جو زمین پر عمارتیں ڈھانے کے لیے بہت ہوتے ہیں۔
لیکن جون 2020 میں میکسکو کے قریب 7.4 ریکٹر اسکیل کا زلزلہ بھی نوٹ کیا گیا تھا ۔ خدشہ تھا کہ یہ سونامی پیدا کرے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
فرانس میں زلزلے کے ایک ماہر اینتھونی سلاڈن کہتے ہیں کہ سمندری فرش پر زلزلہ ناپنے والے آلات رکھنا محنت طلب، وقت طلب اور مشکل کام ہوتا ہے۔ اس ضمن میں انٹرنیٹ کیبل کو استعمال کرنا بہت عمدہ کاوش ہے۔