جمعرات، 19-ستمبر،2024
جمعرات 1446/03/16هـ (19-09-2024م)

ملک کے خلاف بیرون ملک سے دہشت گردی کی سازش ہو رہی ہے، شہید سراج رئیسانی محبّ وطن پاکستانی تھا

14 جولائی, 2018 21:27

صوابی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد انتخابات ملتوی کروانا چاہتے ہیں، مستونگ میں کل دہشت گردی سے دل خراب ہوا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ شہید سراج رئیسانی محبّ وطن پاکستانی تھا، ملک کے خلاف بیرون ملک سے دہشت گردی کی سازش ہو رہی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں عوام باہر نہ نکلیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر بیٹھی قوتیں دھماکے کروا رہی ہیں لیکن ہم دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اے این پی بھی نواز شریف کا بغل بچہ تھی، ملک کی معاشی تباہی کے ذمے دار اے این پی اور فضل الرحمان بھی ہیں، ایم ایم اے 5 سال اقتدار میں رہی لیکن اسلام کے لیے کون سا کام کیا؟ کہا ’یہ پاکستانی تاریخ کا اہم ترین اور نظریاتی الیکشن ہے۔‘

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ’میں نے 20 سال ملک سے باہر کمائی کی، پھر سب کچھ بیچ کر پاکستان لایا، میرا ایک روپیا بھی پاکستان سے باہر نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے ملک غربت کا شکار ہو چکا ہے، آصف زرداری بتائیں ملک سے باہر جائیدادوں کے لیے پیسا کہاں سے آیا، جو پیسا روزگار، اسپتالوں، بجلی اور پانی پر خرچ ہونا تھا وہ ان کے پاس ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top