جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

توشہ خانہ کیس : نئی عدالتی آرڈر شیٹ تیار، عمران خان ذاتی حیثیت میں 30 مارچ کو طلب

20 مارچ, 2023 12:46

اسلام آباد : عدالتی آرڈر شیٹ گم ہونے کے بعد نئی آرڈر شیٹ تیار کر لی گئی، عدالت نے عمران خان کو 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کی سماعت کا 18 مارچ کا تین صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

13 مارچ کا عدالتی حکم نامہ گم ہونے پر ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اور بیرسٹر گوہر اور وکیل خواجہ حارث کے بیانات بھی حکم نامہ کا حصہ بنائے گئے۔

حکم نامے کے مطابق ساڑھے تین بجے کال کی گئی مگر عمران خان عدالت حاضر نہ ہوئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ عمران خان چار بجے پیش ہوں۔ شام پانچ بجے دوبارہ ملزم عمران خان کی کال گئی۔ ملزم کے وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا، وہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے خلاف اسلام آباد کی حدود میں درج مقدمات کا ریکارڈ طلب

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت کو مطلع کیا گیا امن و امان کی صورتحال پتھراو کی وجہ سے عمران خان کا عدالت پہنچنا مشکل ہے۔ بتایا گیا مناسب ہو گا گاڑی سے ہی عمران خان کے دستخط کروا لئے جائیں۔ لوگوں کی جان، املاک کے تحفظ ، ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے گاڑی سے حاضری لگوانے کی ہدایت کی۔

حکم نامے میں لکھا گیا کہ شبلی فراز ، بیرسٹر گوہر اور ایس پی سمیع ملک کو دستخط کرانے بھیجا۔ عدالت کو بعد میں بتایا گیا آرڈر شیٹ گم ہو گئی ہے۔ جس پر بیرسٹر گوہر، خواجہ حارث اور ایس پی نے بیان قلم بند کروایا۔

حکم نامے کے مطابق آئندہ سماعت پر فوجداری کارروائی کے قابل سماعت ہونے پر دلائل ہوں گے۔ عدالت کو بتایا گیا گم شدہ آرڈر شیٹ کمپیوٹر میں محفوظ ہے۔ فائل گم ہونے کے تنازع کے حل کے لیے فائل دوبارہ بنائی گئی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top