جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ملک کو بچانے کیلئے لانگ مارچ بھی ہوگا اور عدم اعتماد بھی ہو گا : سعد رفیق

21 فروری, 2022 13:58

لاہور : سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، ملک کو بچانے کیلئے لانگ مارچ بھی ہوگا اور عدم اعتماد بھی ہو گا، حکومت پر عوامی عدم اعتماد ہو چکا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے احتساب عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آٸی کے دور میں قانون سازی سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے ہوٸی۔ آزادی راٸے کو دبانے کے لیے آرڈینینس جاری ہوٸے۔ یہ ساری قانون سازی واپس ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اس حکومت پر عوامی عدم اعتماد ہو چکا ہے۔ صدارتی آرڈینینس مخصوص حالات میں کیے جاتے ہیں۔ جب اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا جا سکے یا ایمرجنسی کے حالات ہوں۔ دونوں آرڈینینس بدنیتی پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول لانگ مارچ تو کیا شارٹ مارچ بھی نہیں کرسکتے: فواد چودھری

ان کا کہنا تھا کہ یہ آرڈیننس کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے یہ زمین بوس ہوگی۔ مجھے علوی صاحب سے مایوسی ہوئی۔ انہوں نے عمران خان کی غلامی کی ہے اور ایوان صدر کو بے توقیر کر دیا۔ تبدیلی کے نام پر تباہی اور جمہوریت کے نام پر جبر کررہے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی جان کو رو رہی ہے، پوری قوم کی چیخیں نکل گئی مگر ان کو شرم نہیں آتی۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے خسارے کو ہم نے لاک کیا۔ چیزیں درست سمت میں جا رہی تھیں، شیخ رشید نے ریلوے سے ہمارے نشانات مٹانے کے لئے ریلوے کو مٹا دیا۔ ریلوے میں دیانت دار افسران موجود ہیں ان سے کام لینا چاہیے، مگر اس حکومت کا کام پر دھیان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی منڈی بہاوالدین میں انتقامی تقریر ایک وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتی۔ ملک کو بچانے کیلئے لانگ مارچ بھی ہوگا اور عدم اعتماد بھی ہو گا۔ عمران خان کو قوم پر مسلط کرنے میں کچھ میڈیا کے ارکان بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا محسن بیگ بھی عمران کا ساتھی تھا عمران کا حامی تھا۔ عمران خان کی حکمرانی نے بد ترین مثالیں قائم کی صحافیوں پر ظلم کیا۔ حکومت کی لو ٹمٹما رہی ہے یہ حکومت جانے والی ہے۔

سعد رفیق نے شہباز شریف اور جہانگیر ترین کی ملاقات کے سوال پر کوٸی جواب نہ دیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top