جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ان کی طاقت ختم ہورہی ہے، حکومت کے ارکان دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں : مریم نواز

12 اپریل, 2021 14:56

لاہور : مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ جوتے پالش کر کے اقتدار تک پہنچے ہیں، حکومت کے ارکان دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں، عمران خان نے جہانگیر ترین کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ختم ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی طاقت بھی ختم ہورہی ہے۔ ان کے ہتھکنڈوں پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں۔ ڈسکہ کے عوام کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔ عوام نے ووٹ چوروں سے اپنی سیٹ واپس لی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ن لیگ کی فتح یا ڈسکہ کی فتح نہیں، بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ فروری کے الیکشن میں بھی ن لیگ ڈسکہ سے جیت چکی تھی۔ فروری میں یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے۔ مسلم لیگ ن نے ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں برادری سسٹم ،انتظامیہ اور حکومت کا اثر رسوخ بھی ہوتا ہے۔ یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ۔ ہر فورم پر شکست کھانے کے بعد انہیں عوام کے میدان میں آنا پڑا۔ یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : مریم نواز کو وارنٹ گرفتاری سے دس روز پہلے آگاہ کرنے کا حکم

مریم نواز نے کہا کہ جس دن ان کی حکومت نہیں رہی یہ کمپین کرنے کے بھی قابل نہیں رہیں گے، یہ باہر نکل کر عوام کو شکل بھی نہیں دکھا سکتے۔ عوام نے ان کو ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا ہے۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ میں قدرت کے کھیل کو دیکھتی ہوں۔ مسلم لیگ ن کو توڑنے کے لیے پانچ سال لگا کر سرتوڑ کوشش کی گئیں۔

نواز شریف، مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کی کردار کشی کی جاتی تھی۔ مسلم لیگ ن عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی۔ جب جہانگیر ترین کا نمک کھا رہے تھے، جہاز استعمال کررہے تھے، تب وہ شوگر مافیا نہیں تھے؟ مولا علی کا قول ہے کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے ڈرو۔ عمران خان نے جہانگیر ترین کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کررہے ہیں۔ جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں۔ ان کے اپنے ایم این اے ان کے خلاف جا رہے ہیں۔ عمران خان حکومت چلانے میں فیل ہو چکے ہیں۔ یہ جوتے پالش کر کے اقتدار تک پہنچے ہیں۔ حکومت کے ارکان دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نیب عمران خان کے کہنے پر انتقامی کارروائیاں کرتا ہے۔ پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے۔ ن لیگ کے خلاف دن رات پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top