جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

امریکی صدر کا بیان مسترد، امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کریں گے: وزیر خارجہ

15 اکتوبر, 2022 16:24

کراچی: پاکستان نے جوہری اثاثوں سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان مسترد کردیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان پر حیران ہوں، امریکی صدر کے بیان پر وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کی، جوبائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر کو طلب کریں گے، فیصلہ کیا ہے امریکی سفیر کو طلب کرکے ڈی مارش کیا جائے گا، امریکا کے ساتھ اپنے تحفظات اٹھائیں گے، جوبائیڈن کے بیان سے پاک امریکا تعلقات پر منفی اثرات نہیں پڑیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ اور عالمی قوانین کے مطابق ہیں، پاکستان اپنی سالمیت اور بقا کے لیے پر عزم ہے، پاکستان کا نیو کلیئر پروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، اگر کسی ملک کے ایٹمی ہتھیاروں پر سوال اٹھتا ہے تو وہ بھارت ہے، بھارت نے چند ماہ قبل ہی حادثاتی طور پر پاکستان میں میزائل داغا، ہم اپنے ایٹمی اثاثوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، امریکا کو اپنے بیان کی وضاحت کا موقع دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان خطرناک ترین ملک ہے، ان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے : امریکی صدر کا الزام

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے بھی جھوٹ بولتے تھے آج بھی بول رہے ہیں، عمران خان نے ایٹمی پروگرام پر غیر ذمے دارانہ بیان دیا، عمران خان نے کہا اپنے ملک پر ایٹم بم گرادیں، عمران خان کی خارجہ پالیسی نے ملک کو نقصان پہنچایا، عمران خان کے دور میں ہمسایہ، خطے اور عرب ممالک سے تعلقات خراب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ روس یوکرین تنازع پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے، یوکرین کے معاملے پر روس کے خلاف ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر پاکستان اور امریکا کا اپنا اپنا مؤقف ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن نے یہ بیان کسی سرکاری تقریب میں نہیں دیا، امریکی صدر نے قوم سے خطاب نہیں کیا، کوئی انٹرویو نہیں دیا، میرے خیال سے امریکی صدر نے فنڈ ریزر پروگرام میں یہ بات کہی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان دعویٰ کرتا ہے پاکستان کو معاشی ترقی دلوائیں گے، ہمارے لانگ مارچ کے بعد عوام نے آپ کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، کل کے الیکشن میں ایسا شخص امیدوار ہے جس نے حلقے میں آنا ہی نہیں، پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، کامیاب ہوجائیں گے، پاکستان پر دور دور تک پابندیوں کا امکان نہیں ہے، ہم پاکستان کے عوام کا مفاد پورا کرنا جانتے ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top