جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا، انہیں اداروں نے لے کر دیا : شاہد خاقان عباسی

09 مارچ, 2021 11:43

اسلام آباد : شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خود اعتماد کا ووٹ لینے کی آئین و قانون میں جگہ نہیں، وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا انہیں ملک کے اداروں نے لے کر دیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلاء کی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے جمعہ تک ملتوی کردی، شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

پیشی کے موقع پر مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‏ ‏جب تک آئین اور قانون کے راستے پر واپس نہیں آئیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ جو شخص ایوان میں موجود نہ ہو اس کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے، یہ اس پارلیمان کی حیثیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ لیا نہیں انہیں دلوایا گیا، وزیراعظم کے خود اعتماد کا ووٹ لینے کی آئین و قانون میں جگہ نہیں۔ وزیراعظم نے تقریر کے دوران اپوزیشن کو دھمکیاں دیں، اسپیکر قومی اسمبلی خاموش رہے۔ ‏وزیراعظم جو بولتے رہے اسپیکر خاموشی سے سن رہے تھے۔ ‏قانون کے راستے سے ہٹ کر سب کچھ ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ابھی آجائیں ایمبولینس میں نہ بھیجا تو نام بدل دینا : شاہد خاقان عباسی کا پی ٹی آئی کارکنان کو چیلنج

ان کا کہنا تھا کہ ‏ملک کی بدنصیبی ہے کہ اخلاقی اقدار ختم ہوچکے ہیں۔ ‏جو کچھ سینیٹ الیکشن میں دیکھا اس کے بعد کیا کہا جاسکتا ہے۔ ‏ملک کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ امید کرتے ہیں سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج اس ملک کے وزیر خزانہ اپنے ہی اراکین سے ہار گیا، انہیں استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔

حکومت نے بلوچستان میں 70 کروڑ اور سندھ میں 35 کروڑ دیئے، تو وہ سیاسی رشوت نہیں تو اور کیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کا سوالوں کے جواب میں کہنا تھا کہ کیا ہم اب پریس کانفرنس مسلح ہو کر کریں، کیا یہ ملک کو اس طرح چلانا چاہتے ہیں۔ ڈی جی ایس پی آر نے کہا کہ ہم سیاست میں مداخلت نہیں کرتے، مگر سینیٹ الیکشن میں جو نظر آیا وہ حوصلہ افزاء نہیں تھا، جس کی وجہ سے زیادہ امید نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں بھی لوگوں کو توڑا گیا، دھمکیاں دیں گئیں اور وہ حکومت کے لوگ تھے۔ وزیر اعظم نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا انہیں ملک کے اداروں نے لے کر دیا ہے، یہ ملک کی بدنصیبی ہے کہ ملک کا وزیر اعظم عوام کی سپورٹ سے نہیں اداروں کی سپورٹ سے کھڑا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top