جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت میں 10روپے اور بجلی کی قیمت میں 5روپے کم کرنے کا اعلان

28 فروری, 2022 20:03

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے اور بجلی کی قیمت میں 5 روپے کم کرنے کا اعلان کیا ہے، کہا کہ اگلے بجٹ تک پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا میں تیزی سےصورتحال تبدیل ہورہی ہے، حالیہ دنوں میں چین اور روس کے دورے کیے، میرے والدین غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے، میں ایک آزاد ملک میں پیدا ہوا، ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ملک کی خارجہ پالیسی آزاد ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا ساتھ دینا غلط تھا، نائن الیون حملوں میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، ہمیں اس جنگ میں 150 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سابقہ جمہوری حکومتوں میں 400 سے زائد ڈرون حملے ہوئے، سابقہ حکومتوں نے ڈرون حملوں پر احتجاج تک نہیں کیا، آصف زرداری نے کہا ڈرون حملوں میں جانی و مالی نقصان سے فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ شور مچا ہوا ہے کہ آزادی صحافت پر پابندی لگائی جارہی ہے، پیکا قانون 2016 میں بنایا گیا ہم نے صرف ترمیم کی، جعلی خبریں معاشرے کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے، 94 ہزار کیسز میں صرف 32 کیسز کا فیصلہ ہوا ہے، ایک صحافی نے میری ذات سے متعلق گفتگو کی جس پر میں عدالت گیا، 3 سال ہوگئے وزیراعظم کو انصاف نہیں ملا، ایک وزیر کے خلاف خاتون نے لکھا اسے انگلینڈ سے انصاف ملا، آزادی صحافت کے نام پر بلیک میل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثے میں تاریخی بجٹ خسارہ ملا، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی، کورونا جیسی وبا 100 سال میں ایک بار آتی ہے، کورونا وبا کے دوران عوام کو ریلیف دیا، پاکستان کی کورونا کے دوران پالیسی کو دنیا نے سراہا، دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے مہنگائی آئی ہوئی ہے، برطانیہ میں 30 اور ترکی میں 20 سالہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹا، امریکا میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، کینیڈا میں مہنگائی کی شرح کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹا۔ شور مچایا جاتا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے حکومت کو ہٹا دو، مانتے ہیں مہنگائی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باجود پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ ایکسپورٹ کی، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 31ارب ڈالر ترسیلات زر آئیں، اکانومسٹ، ورلڈ بینک، ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی تعریف کی، عالمی ادارہ صحت نے بھی پاکستان کی پالیسیوں کو سراہا، بل گیٹس نے حکومت کے انسداد کورونا اقدامات کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آج پیٹرول کی قیمت میں دس روپے کمی کا اعلان کریں گے : پرویز خٹک

عمران خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے احساس پروگرام کو دنیا کے پہلے 4 پروگرامز میں رکھا، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بیرون ملک سے پیسے آئے، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس ریکوری کی گئی، 6 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس ریکوری کی گئی۔

وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 10روپے اور بجلی کی قیمت میں 5روپے کم کرنے کا اعلان کیا، کہا کہ اگلے بجٹ تک پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کمپنیوں کیلئے ٹیکسوں میں 100 فیصد کمی، گریجویٹس کو 30 ہزار روپے کی انٹرن شپ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top