جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

پشاور : مسجد میں دھماکہ، 32 سے زائد نمازی شہید، 150 سے زائد افراد زخمی

30 جنوری, 2023 15:45

پشاور : پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکے سے مسجد کا اگلا حصہ شہید ہوگیا، 32سے زائد نمازی شہید، جبکہ 150سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

پشاور ریڈ زون میں واقع پولیس لائن کی مسجد میں ظہر کی نماز کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 32سے زائد نمازی شہید، جبکہ 150سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکہ ایک بج کر سولہ منٹ پر ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی شدت سے مسجد کا ایک حصہ شہید، جبکہ چھت منہدم اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ متعدد نمازی چھت کے ملبے تلے دب گئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے نکالا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سرچ آپریشن کے دوران دھماکا؛ کیپٹن سمیت 5 جوان شہید

مسجد پشاور کے حساس ترین علاقے میں واقع ہے، جس کے قریب سی ٹی ڈی اور ایف آر پی پولیس ہیڈ کوارٹرز ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار پہلی صف میں کھڑا تھا۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اپنے پیاروں کی تلاش میں آنے والوں کا رش لگ گیا۔ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے خون کے عطیے کی اپیل کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہو کر تین سے چار حفاظتی لائن عبور کر کے مسجد تک پہنچا۔

دھماکے کے بعد مسجد کی چھت گرنے سے کئی نمازی دب گئے تھے، جن میں سے کچھ ابھی تک مسجد کے ملبے تلے دبے ہیں اور ریسکیو ادارے انھیں زندہ نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف وفاقی وزراء کے ہمراہ فوری طور پر پشاور پہنچ گئے ،وزیر اعظم شہباز شریف نے لیڈی ریڈنگ اسپتال  میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

اس دورے میں وفاقی وزراء سمیت آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top