جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت نوجوان ہیں : وزیر اعظم

01 اکتوبر, 2021 13:40

اسلام آباد : وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بر آمدات میں 35 فی صد اضافہ ہو رہا ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان سے نیشنل یوتھ کاؤنسل کے ممبران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، صوبائی وزراء رائے تیمور خان بھٹی، راجہ ناصر علی خان اور متعلقہ اعلیٰ افسران میں موجود تھے۔

معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے اجلاس کے شرکاء کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت قائم شدہ نیشنل یوتھ کاؤنسل اور نوجوانوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے مطابق کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک 6 شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کیلئے بنائی گئی ہے، جس میں سماجی تحفظ، معاشرتی اعتبار سے نظر انداز نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لانا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت، نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات، سوک انگیجمنٹ بھی فریم ورک کا حصہ ہیں۔ روزگار کے مواقع اور معاشی خودمختاری بھی فریم ورک کے 6 شعبوں میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شوکت ترین کا ہر گھرانے کو کاروبار کیلئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2023 تک نوجوانوں میں معاشی خودمختاری اور یوتھ آنٹرپرونیورشپ کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ کامیاب جوان ہنر مند پروگرام کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو وظائف دئے جائیں گے۔

عثمان ڈار کی بریفنگ کے مطابق کامیاب جوان مرکز، ٹیلنٹ ہنٹ، کھیلوں کی اکیڈمیز، گرین یوتھ موومنٹ اورانوویشن لیگ بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ یوتھ کاؤنسل میں پورے ملک کے مختلف شعبوں سے 33 نوجوان شریک ہیں۔

معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے انتخاب میں ملک کے مختلف علاقوں، ٹرانسجینڈرز، اقلیتوں، جسمانی طور پر معذور افراد اور مرد و خواتین کی برابر کی نمائندگی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کی ترقی پر منصر ہے۔ حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے۔ کامیابی کا راستہ جدوجہد کا راستہ ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے، آپ بھی سچ کا راستہ اپنائیں۔ حکومت میں جب آئے تو ملکی بر آمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں۔ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت بر آمدات میں 35 فی صد اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے۔ ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top