جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

معیشت سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہوئی ہے : عثمان بزدار

01 جون, 2021 15:00

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ احتجاجی سیاست کرنا پاکستانی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے، معیشت کی اے بی سی سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے اعدادوشمار پر اپوزیشن کا ٹولہ منافقت سے کام لے رہا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ سمیت معیشت کے دیگر شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کرچکے : بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ صنعت کا پہیہ چل رہا ہے اور زرعی شعبہ میں نمایاں گروتھ ہے۔ معیشت کی اے بی سی سے ناواقف اپوزیشن صرف پوائنٹ اسکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔ یہ ٹولہ صرف پاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام کے سفر پر گامزن ہے۔ ایسے وقت اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی سیاست کرنا پاکستانی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ منفی سیاست کرنے والے یاد رکھیں کہ ان کی آر پار، استعفوں اور لانگ مارچ کی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اب یہ عناصر معیشت کی ترقی پر پریشان نظر آتے ہیں۔ پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ مخالفین کی پہلے کی طرح اب بھی ہر سازش بری طرح ناکام رہے گی۔ نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا اور مخالفین ہمیشہ کی طرح پیچھے رہ جائیں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top