جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آئین سے غداری کی سزا اگلے جہاں میں بھی ملے گی : جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

09 اپریل, 2021 15:16

اسلام آباد : جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین کو اسکول میں پڑھانے کی تجویز دے دی، ان کا کہنا ہے کہ اگلے جہاں میں بھی آئین سے غداری کرنے کی سزا ملے گی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے زیر اہتمام "بنیادی حقوق اور آئین” کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا اکثر لوگ نقل سے سیکھتے ہیں۔ میں قانون کا طلب علم ہوں۔ آئین اسکولوں میں پڑھایا جانا چاہیے۔ پاکستان کے آئین کو پچاس سال ہونے کو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئین جمہوری ہوگا اور اسلامی قوانین پر مبنی ہوگا اور اسلام میں سب برابر ہیں اور عدل وانصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔ پاکستان کا آئین ہر شہری کو تحفظ دیتا ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق کیوں نہ رکھتے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کا جھنڈا سبز اور اس پر چاند اور تارا تھا، لیکن پاکستان کے جھنڈے میں سفید پٹی بھی ہے۔ پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اقلیتوں کو بھی انصاف مہیاء کرے۔

یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کونسلر کا الیکشن لڑنے کا مشورہ

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سیکھتا وہی ہے جو ہمیشہ طالب علم اہنے آپ کو تصور کرے۔ ہم نے نہ آئین پاکستان سیکھا اور نہ ہی آئین کا ترجمہ پڑھا۔ آئین پاکستان کی اردو میں تشریح کی ضرورت ہے اور بچوں کو پڑھایا بھی جائے۔ مجھے نہیں لگتا کہ کسی بھی اسکول میں آئین پاکستان پڑھایا جاتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ آئین سب کو تحفظ دیتا ہے، ہم نے آئین کے ساتھ وہی سلوک کیا جو قرآن کریم کے ساتھ کرتے ہیں۔

سب سے خوبصورت غلاف میں رکھتے ہیں مگر پڑھتے نہیں، جب تک آئین نہیں پڑھیں گے آپ کو پتہ ہی نہیں ہوگا کہ آپ کیسے پاکستانی ہے۔

جج سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اسکولوں میں آئین سکھایا جاتا تھا تاکہ کم عمر سے ہی طلباء کو آئین کا معلوم ہو۔ آئین پڑھنا بہت ضروری ہے کیونکہ پڑھ کر ہی ہمیں معلوم ہوگا کہ پاکستان کیسے وجود میں آیا۔ اس وقت ہمارے پاس نصف پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو پاکستان قائد اعظم نے بنایا وہ دنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک تھا۔ اب دنیا کا بڑا مسلمان ملک انڈونیشیا ہے، بڑے شرم سے کہنا پڑے گا کہ ہندوستان دوسرے نمبر پر مسلمانوں کا بڑا ملک ہے۔  پاکستان اب تیسرے نمبر پر آ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی حوس نے آئین کو ٹھکرایا اور آئین کی حفاظت کرنے والوں نے قسم توڑی۔ اگر ہم آئین شکنی کریں گے تو یہ غداری کے زمرے میں آئے گا۔ جو لوگ آئین پر حلف اٹھاتے ہیں ان پر زیادہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین سے غداری کرکے نہ صرف اس جہاں بلکہ اگلے جہاں میں بھی اس کی سزا ملے گی۔ اگر آئین کو ہٹا دیں تو وفاق بھی ٹوٹ جاتا ہے اور پاکستانیت بھی ختم ہو جاتی ہے۔ آئین کا تحفظ کرنا ہر پاکستانی پر لازم ہے اس لیے اس کا تحفظ کریں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top