جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہی تو افسوسناک ہوگا : وزیر خارجہ

18 مئی, 2021 15:26

اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسرائیل مسائل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے، عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہی تو یہ بہت افسوسناک ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی میں فلسطین کی صورتحال اور سفارتی کاوشوں کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کی حکمت عملی واضع ہے۔ پاکستان اور ترکی دنیا کو قائل کرنا چاہتے ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے بمباری کو فوری طور پر روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بمباری کررہا ہے، یہ انسانی حقوق اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ نہتے فلسطینوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ فلسطینوں کو زبردستی اپنے گھروں سے بے دخل کررہا ہے۔ اسرائیل مسائل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے، اس بربریت کو فلفور رکوانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی بمباری سے لوگوں کا اسپتالوں سے رابطہ منقطع ہو رہا ہے۔ فلسطینیوں پر جاری مظالم کو رکوانے کیلئے مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انڈونیشیاء کی وزیر خارجہ نے بھی یقین دہانی کروائی کہ وہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا 21 مئی کو فلسطینیوں کیلئے یوم اظہارِ یکجہتی منانے کا اعلان

وزیر خارجہ نے کہا کہ انڈونیشیاء آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا مسلمان ملک ہے، ان کے وزیر خارجہ کی نمائندگی بہت بڑی کامیابی ہے۔

ترک وزیر خارجہ کیساتھ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کیلئے روانہ ہونا تھا، لیکن آج ہم نے روانگی مؤخر کر دی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے وزیر خارجہ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں فلسطینی وزیرخارجہ بھی جنرل اسمبلی میں ساتھ چلیں۔ فلسطینی وزیر خارجہ کو جنرل اسمبلی نہ آنے دیا تو بڑی ناانصافی ہوگی۔ ہم فلسطینی وزیر خارجہ کا انتظار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر دنیا میں عوامی ردعمل بہت حوصلہ افزاء ہے۔ یورپی ممالک میں مقیم مسلمان فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم رکوانے کیلئے دباؤ ڈالیں۔ عالمی برادری فلسطین کی صورتحال پر خاموش رہی تو یہ بہت افسوسناک ہوگا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top