جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سلامتی کونسل میں بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں : وزیر خارجہ

11 جنوری, 2021 14:15

اسلام آباد : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی، علاقائی امور اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت اس خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ وہ افغان امن عمل میں ایک اسپائیلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ نہیں چاہتا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو۔ پاکستان ہر سفارتی محاذ پر بھارت کا مقابلہ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت واویلا کر رہا ہے کہ اسے سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بڑی کامیابی ملی ہے،

اسے تین کمیٹیوں کی صدارت کا موقع ملے گا۔ پاکستان بھی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو بھی اہم ذمہ داریاں ملیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں، بھارت کی خواہش تھی کہ اسے 1267 کی قدغن لگانے والی اور نیوکلیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی اہم کمیٹی کا ممبر بنا دیا جائے، لیکن اسے ناکامی ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کمیٹی میں شامل ہو جائے کیونکہ اسے افغانستان کے معاملات سے الگ تھلگ رکھا گیا، جو اس کی خواہش پوری نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم پر خاموشی توڑے : شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کی دہشتگردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت پی 5 سمیت سب کے سامنے رکھے ہیں۔ دنیا، سنتی سب کی ہے، لیکن حقائق کو جانتی ہے اور سمجھتی ہے۔ ہم بھارت کے عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے، اقوام متحدہ کی سطح پر اور سلامتی کونسل کی سطح پر اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے ہیں، ہم اپنے مفادات کے تحفظ اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں نئے صدر جو بائیڈن اس خطے سے واقف ہیں وہ پاکستان بھی تشریف لا چکے ہیں۔ وہ یہاں کی بہت سی شخصیات سے شناسائی رکھتے ہیں،

انہیں یہاں کے حالات و واقعات کا پورا ادراک ہے۔ ہم بھی ان کی سوچ اور اقدار کو سمجھتے ہیں، جیسے ہی امریکہ میں نئی ایڈمنسٹریشن منصب سنبھالے گی، ہم ان سے بات کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک مختلف الاخیال لوگوں کا منفی اتحاد ہے، جس کا مقصد موجودہ حکومت کو زق پہنچانا ہے اور اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنے کرپشن کے کیسز سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔ یہ بہت جلد منتشر ہو جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی کا پی ڈی ایم پر کہنا تھا کہ استعفوں پر تو پیپلز پارٹی پہلے اور اب ن لیگ بھی پیچھے ہٹ گئی ہے، جبکہ لانگ مارچ پر بھی ان کا اتفاق نہیں ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی صفوں میں اتحاد نہیں ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top