جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کیا صرف سیاستدان چور ہیں ؟

18 اپریل, 2023 13:23

ویسے ہمارے ملک میں سب سے آسان کام دوسروں پر تنقید کرنا ہے اور سب سے مشکل کام اپنی اصلاح کرنی ہے۔ ہم پاکستانیوں کو اپنے اور اپنے گھر والوں کے علاوہ سب ہی دو نمبر لگتے ہیں ۔ ہماری خاص بات یہ ہے کہ اگر ہم کوئی غلط کام کریں تو ہم ٹھیک ہونگے لیکن اگر کوئی دوسرا وہی کام کریں تو وہ گناہ گار اور بے ایمان ہوگا۔ گویا ہم اپنی غلطیوں کے وکیل اور دوسرے کی غلطیوں کے جج ہیں ۔

 

پاکستان میں دوسرے کو بُرا کہنا عام مشغلہ ہے لیکن سب سے زیادہ آسان کام ہے سیاستدانوں کو چور اور بے ایمان کہنا۔ ایک اندازے اور مشاہدے کے مطابق جو چیز پاکستانیوں میں سب سے زیادہ پائی جاتی ہے وہ منافقت ہے۔ منافقت کے سلسلے کی ایک اہم کڑی یہ ہے کہ ہم سب کو غلط سمجھتے ہیں بالخصوص سیاست دانوں کو۔ عوام کا سارا نزلہ سیاست دانوں پر ہی گرتا ہے کیونکہ وہ یہ بات نہیں جانتے کہ کم و بیش ہر ادارےاور پاکستانی عوام پاکستان کی تباہی میں برابر کی شریک ہے مگر ان سب کی اجتماعی گالیاں سیاست دانوں کو ہی پڑتی ہیں۔

 

یہ پڑھیں : خوب تماشہ لگا رکھا ہے !

 

اب جیسے سابق وزیر اعظم کو ہی لے لیں ، خود سیاست دان ہیں مگر سب سے زیادہ بُراسیاست دان کو ہی بولتے ہیں البتہ ان کے آس پاس ایک سے بڑا ایک سیاسی فراڈی کھڑا ہے اور ان کو سپورٹ کرنے والے دوسرے ادارے کے بھی لوگ ہیں لیکن وہ یہ بات نہیں مانیں گے ۔لیکن سوال یہ ہےکہ عمران خان کے بیانیہ کو پیش نگاہ رکھیں تو یہ ہی سمجھ آتا ہے کہ سب سیاستدان چور ہیں یا پھر سوال اٹھائیں کہ کیا صرف سیاستدان ہی چور ہیں ؟

 

 

اچھا تو سوال یہ ہے کہ صرف سیاستدان ہی چور ہیں کیا ؟ یہ بیانیہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ بنایا گیا ہے بلکہ دہرایا جاتا رہا اور پھر عوام کہنے لگی کے صرف سیاستدان چور ہے مگر حقیقت میں سیاستدانوں سے بڑے بڑے چور اس ملک عزیز میں پلے بڑھے ہیں ۔ بیوروکریسی سمیت کم و بیش ہر ادارے میں بڑے بڑے مہذب چور ہے ۔ ان مہذب چوروں کی چوریاں گر سامنے آگئی تو سیاستدان چندی چور نظر آئیں گے۔

 

اس بارے میں جانئے : سیاسی کارکنان کا جذباتی لگاؤ اورسیاسی رہنماؤں کی بے رُخی

 

کیونکہ سیاستدان آسان ٹارگٹ ہوتے ہیں اس لئے جس کا من چاہا اس نے ان کو چور بول دیا کیونکہ دوسروں کو چور بولنے میں پر جلتے ہیں ۔ بہرحال جس عمران خان نے یہ بیانیہ بنایا اس کے آس پاس کون سے سیاستدان موجود ہیں ؟ وہ سیاستدان کب کب کہاں کہا ں نقب لگاتے رہے پوری دنیا کو خبر ہے مگر وہ سیاستدان کیونکہ عمران خان کے ساتھ ہے تو وہ پاک اور پارسا ہے۔

 

خیر سیاستدانوں کو چھوڑ دیجئے ، بڑے بڑے اداروں کے سربراہوں کو چھوڑ دیجئے ، پاکستان کا چھوٹا طبقہ بھی چور ہے ۔ جی ہاں سبزی والا ہو، پھل والا ہو ، پرچون والا ہو ، دودھ والا ، افسر ہو ، جس کی جہاں  نقب لگ سکتی ہے وہ لگادیتا ہے اور پھر نقب لگا کر بڑی ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ” یہ سارے سیاستدان چور ہیں ” ۔

 

نوٹ : جی ٹی وی نیٹ ورک اور اس کی پالیسی کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

 

[simple-author-box]

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top