جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ عمران خان نے کیا تھا، بجٹ میں نوکریاں کہاں ہیں: شہباز شریف

15 جون, 2021 18:48

اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ عمران خان نے کیا تھا، قوم پوچھ رہی ہے بجٹ میں ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے بجلی بنائی اور پی ٹی آئی نے قوم پر گرائی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا اپوزیشن لیڈر بات کرے اور دوسری بینچز مداخلت کریں، حکومتی بینچوں پر بیٹھے لوگ اس کا خمیازہ بھگتیں گے، کل آپ نے ان کو مداخلت کا موقع دیا آپ سے بھی پوچھا جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018 میں عمران خان نیازی ملک پر مسلط ہوئے، آج عام آدمی ایک وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے، ایک کروڑ نوکریاں تو دور کی بات 50ہزار لوگ بے روزگار کردیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بے روزگاری 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ریاست مدینہ کا ذکر کرنے والوں کو پہلے مطالعہ کرنا چاہیئے، غریب آدمی روٹی کے لیے ترس گیا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ عمران خان نے کیا تھا، قوم پوچھ رہی ہے بجٹ میں ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اس بجٹ میں ہم کوئی ٹیکس نہیں لگا رہے، سندھ بجٹ کا حجم 14 کھرب 77 ارب روپے ہے

انہوں نے کہا کہ آج تاریخ کی بدترین کرپشن ہورہی ہے، کوئی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کرپشن کے بغیر نہیں ہوتی، بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، اگر ہم نے اضافی بجلی بنائی تو پھر لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی ہے، ہم نے بجلی کے کارخانے لگا کر لوڈشیڈنگ کو ختم کردیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے ہم نے مہنگی بجلی خریدی، ہم نے بجلی کے سستے ترین منصوبے شروع کیے، مسلم لیگ (ن) نے بجلی بنائی اور پی ٹی آئی نے قوم پر گرائی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی اجلاس؛ پی ٹی آئی رکن نے ن لیگی رکن کو بجٹ دستاویز دے ماری

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کیسی ترقی ہے کورونا کا 1200 ارب کا پیکج کرپشن کا شکار ہوچکا، دنیا کے ممالک اربوں ڈالر کی ویکسین خرید رہے ہیں، ہمارے حکمران بے حسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں، ڈینگی کے دوران ہم نے سری لنکا کے ماہرین کی مدد لی،؎

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ڈینگی کے دوران دن رات کام کیا، سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کا مفت علاج کرایا، اگر گندم وافر مقدار میں ہے تو آٹے کی قیمت کیوں بڑھی، اگر گنا بہت زیادہ پیدا ہوا تو چینی 100 روپے سے اوپر کیسے چلی گئی، بتایا جائے چینی برآمد کرنے کی کیا ضرورت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو ملک میں دہشت گردی نے تباہی مچا رکھی تھی، چین اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،

پی ٹی آئی نے دھرنے دے کر معیشت کا جنازہ نکال دیا تھا، نوازشریف کے دور میں ایل این جی کے منصوبے لگا کر گیس کی قلت دور کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں سب سے زیادہ سڑکیں اور موٹرویز بنائی گئیں، عمران خا ن ایوان میں آئیں اور آئی ایم ایف کی شرائط بتائیں، وزیراعظم کو ایوان میں آکر اعتماد میں لینا چاہیئے۔ ایل این اجی، تیل کی امپورٹ پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جارہا ہے، ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد جی ایس ٹی لگایا جارہا ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چینی پر بھی ٹیکس لگا کر مزید مہنگی کی جارہی ہے، ایسے حساس معاملات آتے ہیں تو وزیراعظم کی سیٹ خالی ہوتی ہے، کورونا کے خلاف بات ہوتی ہے تو وزیراعظم کی سیٹ خالی ہوتی ہے۔ چینی، آٹا اسکینڈل کی بات ہو تو وزیراعظم کی سیٹ خالی ہوتی ہے، پی ٹی آئی حکومت دن رات جھوٹ بول رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرضوں کی وجہ سے عوام پر مزید بوجھ ڈالا جائے گا، موجودہ حکومت نے 3سال میں بلاواسطہ ٹیکسز لگائے، ن لیگ کے دور میں اسپتالوں میں تمام ٹیسٹ مفت کردیے گئے، پی ٹی آئی نے غریب سے تمام سہولتیں چھین لی ہیں، ہمارے دور میں معیاری ڈرگ ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top