جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

یہی حکومت رہی تو ڈیفنس بجٹ کے لیے بھی قرضہ لینا پڑے گا : محمد زبیر

08 اپریل, 2021 12:13

کراچی : محمد زبیر کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سال میں اخراجات آمدن سے ریکارڈ زیادہ ہیں، اگر یہی حکومت رہی تو ڈیفنس بجٹ کے لیے بھی قرضہ لینا پڑے گا۔

مسلم لیگ ن کے کارساز دفتر میں سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آمدنی بڑھ نہیں رہی اور مہنگائی مستقل بڑھ رہی ہے۔ ملک میں مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ہر ماہ معیشت کے اہداف آتے ہیں۔ بڑے محلات میں بیٹھ کر ٹوئیٹ کرنا آسان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دعوی کرتے تھے کہ میرے پاس بہترین ٹیم ہے۔ ڈھائی سال میں تین وزیر خزانہ، چار فنانس سیکریٹری تبدیل ہوچکے۔ وزیر اعظم بار بار اپنی معاشی ٹیم تبدیل کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حماد اظہر نے معاشی استحکام کے بڑے بڑے دعوے کیے ہیں۔ پاکستانی عوام کے لیے سب سے اہم چیز معیشت ہے۔

حکومت جو معیشت کے اعداد و شمار دیتی ہے ان کا تجزیہ ضروری ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ عوام کے لیے ہر نیا دن مشکل سے مشکل تر ہوتے جارہا ہے۔ نئے سروے میں عوام نے مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کو اہمیت دی ہے۔ ان کے وزراء و مشیر کرنٹ اکاؤنٹ کم کرنے کے دعوے کرتے ہیں۔ جب کرنٹ اکاؤنٹ کم ہے تو مہنگائی بے روزگاری اور غربت میں کمی کیوں نہیں ہورہی؟

یہ بھی پڑھیں : گورنر اسٹیٹ بینک کو وائس رائے کے طرز کے اختیارات دئیے جارہے ہیں : محمد زبیر

سابق گورنر کا کہنا تھا کہ بجٹ آنے والا ہے اور آئی ایم ایف میں جانا ہے۔  عمران خان سے کوئی پوچھے کہ تین سال میں معیشت کا یہ حال کیوں کیا؟ یہ بتائیں کہ گروتھ ریٹ اتنا کم کیوں ہوا؟ یہ کورونا کو جواز بتاتے ہیں جبکہ کورونا سے باقی ممالک کی معیشت تباہ نہیں ہوئی۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ ملک میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا۔ یہ لوگوں کو غربت میں دھکیلنے پر احساس پروگرام بڑھانے پر فخر کرتے ہیں۔

ایک کروڑ نوکریاں دینی تھیں مگر لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا۔  اس سال جمع کیے گئے ٹیکس کا اسی فیصد قرضوں کی ادائیگی میں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال میں اخراجات آمدن سے ریکارڈ زیادہ ہیں۔ ان کے غلط فیصلوں سے عوام پس رہی ہے۔ اگر یہی حکومت رہی تو ڈیفنس بجٹ کے لیے بھی قرضہ لینا پڑے گا۔ حماد اظہر کی پریس کانفرنس اور ٹویٹ سے مہنگائی کم نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانچ وزراء کہہ چکے مریم نواز لندن جارہی ہیں۔ مریم نواز کہہ چکی کہ وہ حکومت کو گھر بھیجے بنا کہیں نہیں جائیں گی۔ ان کو سب سے زیادہ خوف مریم نواز سے ہے۔ ہم نے حکومت میں اور اپوزیشن میں اصولی سیاست کی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top