جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کورونا صورت حال قابو میں نہیں آئی تو لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں : اسد عمر

27 مارچ, 2021 15:07

اسلام آباد : اسد عمر نے اپوزیشن سے کورونا کیخلاف کردار ادا کرنے کی درخواست کردی، انہوں نے کہا کہ کورونا صورت حال قابو میں نہیں آئی تو لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے شہری ایس او پیز پر عمل یقینی بنائیں۔ احتیاط نہ کی گئی تو کورونا کو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پابندیوں میں اضافہ کیا تھا، آج پھر صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ جو فیصلے کیے گئے اس پر عوام کی طرف سے عمل نہیں کیا گیا۔ بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پورا خطہ متاثر ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا کی خطرناک لہر نے بچوں کو بھی جکڑ لیا، ایک ہی روز چار بچے اسپتال داخل

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اسپتالوں پر کورونا کے باعث دباؤ بڑھ گیا ہے۔ کورونا کی موجودہ قسم برطانیہ سے پھیل چکی ہے۔ نئی کورونا کی قسم زیادہ خطرناک ہے، تیزی سے پھیلتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست ہے عوام کے دفاع کیلئے کردار ادا کریں۔ مرکزی، صوبائی اور علاقائی سطح پر سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 روز میں کورونا کے تشویشناک مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا۔ 12 دن میں تشویشناک مریضوں کی تعداد میں ایک ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ کورونا صورت حال قابو میں نہیں آئی تو لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں۔ کوشش ہے کہ ہمیں لوگوں کے روزگار کے خلاف اقدامات نہ کرنے پڑیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top