جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

مردم شماری کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے : مصطفیٰ کمال

17 فروری, 2021 18:08

کراچی : مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم غلط گنتی پر دستخط نہ کریں، اگر مردم شماری کو ٹھیک نہیں کیا تو گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی تمام قومیتوں کو جوڑنے کا نظریہ رکھتی ہے۔ ہر جیتنے والا کامیاب اور ہارنے والا ناکام نہیں ہوتا۔ پاک سرزمین پارٹی جیتنے والوں سے زیادہ مضبوط جماعت ہے۔ لوگ آج بھی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو سہراب گوٹھ پر پختونوں کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔ چالیس سال سے اس شہر میں آپریشن ہورہا ہے، لیکن امن نہیں آیا۔ ہمارے آنے کے بعد امن ہوگیا، ہم نے آواز اٹھائی۔ پاک سر زمین پارٹی تمام جماعتوں کے بولنے والوں کا گلدستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے بہت آسان ہے کہ مہاجر کے نام پر ووٹ بناؤ لیکن یہ ٹھیک نہیں ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔ پانچ سال ہونے کو ہیں ہم نے کسی کو پتھر تک نہیں مارا۔ پانچ برس میں ہمارے 7 ساتھی شہید کئے گئے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تعصب کی وجہ سے میرے لئے آسان ہے کہ میں مہاجر نعرہ لگاؤں، لیکن لسانی سیاست نقصان کا باعث ہوگی۔ مہاجروں پر ظلم سندھی نہیں کررہا، بلکہ پیپلز پارٹی کررہی ہے۔ پیپلزپارٹی لاڑکانہ میں سندھی پر بھی ظلم کررہی ہے۔ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مراد علی شاہ نے مجھے ختم کرانے کا پلان بنایا : حلیم عادل شیخ

چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ ہم لسانی سیاست نہیں کریں گے، تمام قومیتوں کو جوڑیں گے۔ سیاست کی جائے، لیکن سیاست کے لئے کسی کی جان نہ لیں۔ سمجھ نہیں آتا حکومت کی بات مانیں یا اپوزیشن کی سنیں؟ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام مر رہے ہیں، نہ حکومت کو فکر ہے، نہ اپوزیشن کو پرواہ ہے۔ آئندہ اس شہر میں زبان کی بنیاد پر سیاست نہیں ہوگی۔ حکومت کہتی ہے کہ مردم شماری کے نتائج کے بغیر بلدیاتی الیکشن نہیں کراسکتے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ حکومت کی بات رد کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بلدیاتی نمائندوں کو گھر بٹھا دیا گیا ہے۔ حکومت بلدیاتی الیکشن کرانے کے لئے حیلے بہانے تلاش کررہی ہے۔ وزیراعظم ایم پی اے ایم این اے کو نالیاں بنانے کے پیسے دے رہے۔ کل تک وزیراعظم کہتے تھے کہ ایم پی اے ایم این اے کا کام قانون سازی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس طاقت نہیں ہے کہ وہ مردم شماری ٹھیک کرا سکیں۔ وزیر اعظم غلط گنتی پر دستخط نہ کریں اس کو متنازعہ رہنے دیں۔ اگر ریاست ہمیں گنتی کرنے کو تیار نہیں ہے، تو ہم اپنے فیصلے میں آزاد ہیں۔ اگر اس معاملے کو ٹھیک نہیں کیا تو گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top