جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہے، کورونا سے صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہے : عثمان بزدار

29 اپریل, 2021 13:33

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباؤ کا شکار ہوچکا ہے، صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزرا اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور انہیں اپنےعلاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی ترجیحات کے مطابق ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ ٹیم ورک کے طور پر صوبے کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا کا قہر مزید 151 افراد کی زندگی چھین گیا

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور ماضی میں حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ کورونا مریضوں کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباؤ کا شکار ہوچکا ہے۔ کورونا مریضوں کیلئے حکومت اپنے تمام تر وسائل استعمال اورممکنہ اقدامات کررہی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کو احتیاط کرنا ہوگی، صورتحال خطرناک رخ اختیار کررہی ہے۔ ماسک پہننے سے کورونا سے بچاؤ ممکن ہے۔ کورونا کوکنٹرول کرنے کے لئے مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ اپوزیشن نے جو بویا وہی اب کاٹ رہے ہیں۔ اپوزیشن نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عوام میں منفی سیاست کرنے والوں کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top