جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

حکومت کا 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

23 نومبر, 2020 13:31

کراچی : حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے، 25 دسمبر سے لے کر 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ 26 نومبر سے تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز کا انعقا د کریں گے۔ 24 دسمبر تک گھر سے تعلیم جاری رہے گی۔ اس دوران اسکولز کھلیں رہیں گے تاہم وہاں بچوں کو نہیں بلایا جائے گا۔ 25 دسمبر سے لے کر 10 جنوری تک سردیوں کی تعطیلات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔ دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات 15 جنوری تک ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ اسکولز ہفتہ میں ایک دن چاہیں تو بچوں کو بلا سکیں گے، تاہم اس سلسلے میں صوبے اپنی پالیسی بنا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں اسکولز بند کرنے کی مخالفت

وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے وفاق کے تحت محکمہ تعلیم کے حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم کی زیر صدارت منعقدہ این سی او سی کے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ اس سال کسی صورت بغیر امتحانات کے کلاسز میں بچوں کو پرموٹ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تجویز ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بند نہ کئے جائیں بلکہ جہاں انرولمنٹ 73 فیصد ہے اس کو بند کیا جائے، جبکہ چھٹی جماعت سے آگے کی تمام کلاسز کو جاری رکھا جائے۔ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات مئی اور جون میں لینے کا فیصلہ نہ کیا جائے، صورت حال کو دیکھ کر بعد میں فیصلہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی نجی اسکولز کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے انہیں بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں اور اس پر سود وفاقی حکومت ادا کرے تاکہ یہ نجی اسکولز معاشی طور پر بدحالی کا شکار نہ ہوں۔

اسکولوں کے ساتھ ساتھ ہمیں ٹیوشن اور کوچنگ سینٹرز کو بھی اس میں شامل کرنا چاہیے۔

سعید غنی نے کہا کہ تمام غیر تدریسی سرگرمیاں تعلیمی اداروں میں بند کردینی چاہیے۔ اگر کوئی والدین اپنے بچوں کو اسکول کے بجائے گھروں پر ہی تعلیم دلوانا چاہتے ہیں تو اسکولز کو بھی پابند کرنا چاہیے کہ وہ ان بچوں کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top