جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آئل ٹینکر عملے کے اغوا، تیل چوری کے الزام میں جمشید دستی گرفتار

06 فروری, 2020 21:37

ملتان : سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو آئل ٹینکر کے عملے کو اغوا اور تیل چوری کرنے کے الزام میں ملتان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جمشید دستی جمعرات کو مقدمے میں ضمانت کے لیے ہائی کورٹ جا رہے تھے کہ ملتان پولیس نے ہائی کورٹ کے قریب کینٹ کے علاقے سے انہیں گرفتار کر لیا۔

مقدمے میں نامزد جمشید دستی کے ساتھیوں کو چند دن قبل گرفتار کیا گیا تھا اور اب انہیں بھی گرفتار کرنے کے بعد مظفرگڑھ منتقل کردیا گیا ہے۔

مقدمے میں جمشید دستی کے 2 سابقہ گن مین، پولیس اہلکار اور 5 دیگر ساتھی بھی نامزد ہیں۔

یاد رہے کہ مظفرگڑھ کی چوک قریشی پولیس نے سابق رکن اسمبلی جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف آئل ٹینکرز کے ڈرائیور اور ہیلپر کے اغوا اور لاکھوں روپے مالیت تیل چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

سرکاری میڈیکل بورڈ کا نواز شریف کی صحت سے متعلق رپورٹ پر رائے دینے سے انکار

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 395، 365، 170 اور 171 کے تحت جمشید دستی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کیا تھا۔

24 دسمبر کی رات ڈیرہ غازی خان سے ملتان جانے والے آئل ٹینکر کو پولیس وین نے مظفرگڑھ کے قریب روکا۔

ٹینکر روکنے کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی میں ملبوس افراد ڈرائیور اور ہیلپر سمیت ٹینکر کو نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں دونوں افراد کو باندھنے کے بعد 40 لاکھ روپے مالیت کے تیل کو دوسرے ٹینکر میں منتقل کردیا گیا۔

ملزمان نے ڈرائیور اور ہیلپر کو دو دن تک حبس بے جا میں رکھا جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

واقعے کے تین دن بعد آئل ٹینکر کے مالک ڈرائیور کے ہمراہ ضلعی پولیس کے افسر ندیم عباس کے پاس پہنچے اور انہیں واقعے سے آگاہ کیا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top