جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

آرمی ترمیمی بل پر پارلیمانی طریقہ کار لاگو ہونا پیپلز پارٹی کی کامیابی ہے : بلاول بھٹو

03 جنوری, 2020 13:28

اسلام آباد : بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آرمی ترمیمی بل پر پارلیمانی طریقہ کار لاگو ہونا پیپلز پارٹی کی کامیابی ہے۔ مسلم لیگ ن نے بل کی حمایت کا فیصلہ اکیلے کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آرمی ترمیمی بل پر پارلیمانی طریقہ کار لاگو ہونا پیپلز پارٹی کی کامیابی ہے۔ چاہتے ہیں کہ جو غلطی نوٹیفکیشن میں کی گئی وہ دہرائی نہ جائے۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کابینہ سے بل منظور کرا کر پھر غلطی کی۔ اب آرمی بل دفاعی کمیٹی میں پیش کرکے منظور کرایا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر نے فیصلے پر آن بورڈ نہیں لیا۔ ن لیگ فیصلے پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیتی تو بہتر ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت اور اپوزیشن میں پارلیمان کی سب سے بڑی جماعت ایک پیج پر ہوں تو پیپلز پارٹی 52 ممبران کے ساتھ کوما یا فل اسٹاپ بھی تبدیل نہیں کراسکتی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ نیب آمر کا بنایا گیا متنازع ادارہ ہے۔ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ آرڈیننس کے ذریعے حکومت نے بھی پیپلز پارٹی کے بیانیے کی توثیق کردی ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے متعلق پارلیمانی قواعد و ضوابط کے تحت قانون سازی ہوئی تو ساتھ دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بل کو پہلے قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں بھیجا جائے۔ ایوان میں معاملے پر بات کی جائے۔

بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ مسلم لیگ ن نے حمایت کے فیصلے سے قبل اعتماد میں نہیں لیا۔ حکومت اور مسلم لیگ ن مل کر عجلت میں قانون سازی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا، مسلم لیگ نے بل کی حمایت کا فیصلہ اکیلے کیا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top