جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

کیا ہم یورپی یونین کے غلام ہیں جو آپ کہیں وہ کریں؟، وزیراعظم کی تنقید

06 مارچ, 2022 21:36

میلسی: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین نے افغانستان میں جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا، ہم کیا آپ کے غلام ہیں جو آپ کہو گے ہم کریں؟

میلسی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میلسی کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے لیے 500 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا، جنوبی پنجاب میں مزید 500 ارب روپے خرچ کریں گے، قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب کیلئے ترمیم پیش کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پی پی اور ن لیگ جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کرینگے یا نہیں سب سامنے آجائے گا، ہمارے دور میں جتنا کسانوں کے پاس پیسہ آیا ماضی میں کبھی نہیں آیا، مکئی کی فصل کی قیمت میں اضافے سے کسان کو بہت فائدہ ہوا ہے، ہم نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھائی، کھاد پوری دنیا میں کم ہوچکی ہے، عالمی منڈی سے 5 گنا کم قیمت پر اپنے کسانوں کو کھاد دے رہے ہیں، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو ملک کا دیوالیہ ہوچکا ہے، ہم نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس کے بحران سے اپنے ملک کو بچایا، امریکا میں 40 سال کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، ہم نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ڈالنے کی پوری کوشش کی، جتنا ٹیکس دیں گے وہ سارا عوام پر بوجھ کم کرنے پر لگاؤں گا، یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کو خط لکھا کہ روس کیخلاف بیان اور ووٹ دیں، یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے بھارت کو بھی یہ خط لکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80ہزار پاکستانیوں نے قربانی دی، ملک کو 100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، پاکستان کو کیا ملا، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا؟، نیٹو کے 10فیصد لوگ بھی اس جنگ میں نہیں مرے، انہوں نے افغانستان میں جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا، ہم کیا آپ کے غلام ہیں جو آپ کہو گے ہم کریں؟

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کبھی ہوا کہ ایک ملک کسی جنگ لڑے اور وہی ملک ہم پر حملے کرے، ڈرون حملوں میں بے قصور لوگ مارے جاتے ہیں، جس کے لیے جنگ لڑرہے تھے اور وہی ہم پر حملے کررہے تھے، بتایا جائے یہ دونوں پارٹیوں کے لوگ کیوں نہیں بولتے تھے، بتایا جائے جب سے میں وزیراعظم بنا ہوں کیا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟، اگر کوئی ڈرون آیا تو ایئر فورس سے کہوں گا کہ وہ ڈرون نیچے گرا دو، کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ کسی ملک میں ڈرون حملہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اتحادی ساتھ ہیں, اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے اندازہ ہوجائے گا: وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے بھی دشمنی نہیں چاہتی، ہماری سب سے دوستی ہے، ہم کسے بلاک کا حصہ نہیں ہیں، ہم نیوٹرل ہیں، کوشش کریں گے کہ یوکرین میں جنگ بند ہو، گندم، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجرم نمبر ون نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلا گیا، بتایا جائے کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، گیڈر دوسری بار ملک سے فرار ہوا ہے، زرداری نے کہا اٹک جیل میں ٹشو کے ڈبے ختم ہوگئے نواز کے آنسوں صاف کرتے ہوئے، ملک کے تین بار کے وزیراعظم کے بچے کہتے ہیں ہم تو پاکستانی نہیں، شہبازشریف کا پتہ کرانا ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑ کر لے آئیں، مقصود چپڑاسی کے بینک میں 375کروڑ روپے آگئے، شہبازشریف کو جو بوٹ نظر آتا ہے اس کی پالش شروع کر دیتے ہیں، شہباز شریف کیس کی وجہ سے خوفزدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان ڈیزل پر مٹ بیچ کر پیسے بناتا ہے، مدر سے کے بچے ہمار ا بہت بڑا اثاثہ ہیں، زرداری وہ آدمی ہے جو بمبینو سینما کے ٹکٹ بیچتا تھا ، چوروں کے ٹولے کی وجہ سے ہم مقروض ہوگئے قوم غریب ہوگئی، فضل الرحمان اور میں ہم عمرہیں کبھی بھی ہمیں بلاوا آسکتا ہے، فضل الرحمان کو آخرت کا سوچنا چاہیے، جب تک مجھ میں خون کا ایک قطرہ موجود ہے ان کا مقابلہ کروں گا۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top