جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

وزیر اعلیٰ سندھ سے افغانستان کے وزیر کامرس کی ملاقات

09 مئی, 2023 12:44

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے افغانستان کے وزیر برائے کامرس نورالدین عزیز کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

افغان وفد میں نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ صدیق اللہ عابد، افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبیدالرحمان نظامانی اور دیگر شریک تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ صوبائی وزراء، شرجیل میمن، ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی و دیگر افسران تھے۔

افغانستان کے وزیر کامرس نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا کہ کراچی میں افغان باشندوں کو اچھے طریقہ سے رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانی باشندوں کا کراچی دوسرا گھر رہا ہے۔ افغانیوں کو کراچی کی اسپتالوں میں بہترین علاج مہیاء ہوتا ہے۔ افغانستان کے لوگ علاج معالج کیلئے کراچی آتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی تجارت کا مرکز ہے، جس میں پشتوں کی پشاور سے زیادہ آبادی ہے۔ افغانستان ہمارا مسلم برادر ملک ہے۔ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کی سرزمین کسی ملک کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے : افغان وزیر خارجہ

وزیر کامرس افغانستان نورالدین عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات اب بہت بہتر ہیں۔ اس عید پر افغانستان میں کوئی غیر پسندیدہ واقعہ پیش نہیں آیا۔ افغانستان میں کئی دہائیوں کے بعد لوگ عید پر تفریح کیلئے نکلے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ ابھی پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور افغانستان کے وزیر خارجہ کی اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ خطے میں امن سے تمام ممالک ترقی کریں گے۔

افغان وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں۔ افغانستان کے اعلیٰ سطحی وفود کے پاکستان کے دورے جتنے زیادہ ہونگے اتنا اچھا ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top