جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

بیوروکریٹس پر تلوار لٹک رہی تھی، نیب آرڈیننس آگیا، اب بہانہ نہیں : وزیر اعظم

03 جنوری, 2020 20:20

فیصل آباد : وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بیوروکریٹس پر تلوار لٹک رہی تھی اور وہ سائن کرتے ہوئے ڈرتا تھا، نیب آرڈیننس کے بعد بیوروکریسی کے پاس کوئی بہانہ نہیں ، امید ہے اب پنجاب کی بیوروکریسی کام کرے گی۔

فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل زون کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز ہمارے وژن کے اندر ایک انتہائی اہم قدم ہے، میرا وژن ہے پاکستان ایک طاقتور ریاست بنے، مدینہ کی ریاست میں جانوروں پر بھی رحم کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کمزور کو انصاف دیا گیا، ہم بھی اپنے ملک کو ایسا بنانا چاہتے ہیں۔ ہم جب بھی کوئی تقریب کرتے ہیں تو بیشتر انگریزی میں تقریر کرتے ہیں ہم ایسا کیوں کرتے ہیں؟ یہ بات سمجھنا ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسمبلی میں انگریزی میں تقریر کی جاتی ہے، کبھی برطانوی اسمبلی میں کسی اور زبان میں تقریر ہوئی؟ ہمیں یہ مائینڈسیٹ تبدیل کرنا ہے 72 سال ہو گئے ہیں یہ سمجھ نہیں آئی کہ اپنی زبان استعمال کریں تاکہ لوگوں کو سمجھ آئے۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ ہماری اسمبلی میں کتنے لوگوں کو انگریزی آتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ہمیں غربت ختم کرنی ہے تو ہمیں انڈسٹریلائزیشن کی طرف جانا ہو گا۔ اگر ہم نے انڈسٹریز نہ لگائیں تو ہم اتنے نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکیں گے۔ ہمارے ملک کے مستقبل کے لئے ہمیں انڈسٹریلائزیشن کرنی ہو گی۔

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہے تھے، مگر بدقسمتی سے ستر کی دہائی کے بعد ایسی پالیسی بنائی گئی کہ سرمایہ کاروں کو غلط کہا گیا اگر سرمایہ کار غلطی کرتا ہے تو اس میں سرمایہ کاری کی غلطی نہیں، اینٹی سرمایہ کاری پالیسی چلی تو ہم اس سے بددل ہو گئے۔ اگر سیاستدان کچھ غلط کرتا ہے تو اس میں سیاست تو غلط نہیں ہو سکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایکسپورٹ، انڈسٹری اور ایگریکلچر پر زور دینا ہے۔ سیاحت کو بڑھانا ہو گا، جس میں پاکستان بہت پیسہ کما سکتا ہے مگر ابھی تک اس پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ اس کے بعد تعلیم بالخصوص ٹیکنیکل تعلیم پر توجہ دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون پر کام کرنے پر میں پنجاب حکومت کو مبارک باد دیتا ہوں۔ چین ہمارا بہترین دوست ہے جو تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ہر چیز میں وہ بہت آگے جا رہا ہے اور اگلے دس سال میں پوری دنیا کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔ دنیا چین جکی ترقی سے خوفزدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سی پیک آ گیا ہے اور ہمیں بھی اس سے فائدہ اٹھانا ہو گا یہ ہمارے لئے سنہری موقع ہے۔ ہمیں چین سے فائدہ حاصل کرنے کے لئے کوششیں کرنی ہوں گی۔ چین پاکستان میں انویسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی بھی ہمیں دینے کو تیار ہے بلکہ چین یہاں ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بھی بنائے گا۔ چین نے تیس سال میں کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا اور ہمیں بھی عوام پر خرچ کرنا ہو گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی مشکل وقت ہے ہمیں اپنے خرچے کم کرنا ہوں گے اور خرچے کم کرنے پر میں وزیراعلیٰ پنجاب کو سلام پیش کرتا ہوں۔ گورننس سسٹم جتنا اچھا ہوتا ہے، اتنی ملک میں ترقی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بیوروکریٹس پر ایک تلوار لٹک رہی تھی اور اس کو سائن کرنے پر پکڑ لیا جاتا تھا اور وہ سائن کرتے ہوئے ڈرتا تھا اور فائلیں ادھر ادھر گھومتی رہتی تھیں۔ نیب آرڈیننس کے بعد اب بیوروکریسی کے پاس کوئی بہانہ نہیں ہے، امید ہے اب پنجاب کی بیوروکریسی کام کرے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top