جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے : بلاول بھٹو

01 مئی, 2021 13:29

کراچی : بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں لاکھوں افراد بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے۔ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کی زیرِ قیادت سلیکٹڈ حکومت ملک کے محنت کش طبقے کے لئے تباہی ثابت ہوئی۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریہ کا سنگِ بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کے دیئے گئے متفقہ آئین میں بلیو کالر ورکرز کے حقوق سے متعلق کئی دفعات شامل ہیں۔ آرٹیکل 11، 17، 18، 25 اور 37 (e) ہرطرح کی جبری مشقت اور چائیلڈ لیبر پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ مذکورہ آرٹیکلز رکن سازی کی آزادی دیتے ہیں اور یونین سازی کے حقوق دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دستور کی یہ آرٹیکلز کام کرنے والے ماحول کو انسان دوست اور بھتر ہونے کو یقینی بنانے کے متعلق بھی ہیں۔ پہلی مرتبہ جامع لیبر پالیسی کا اعلان بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ع میں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت کا مزدور کی کم از کم اجرت 20 ہزار روپے کرنے کا اعلان

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اس کے بعد ہونے والی قانون سازی کے نتیجے میں مزدوروں کے قوانین کا دائرہ کار اور ٹریڈ یونینز کے حقوق میں اضافہ ہوا۔ کم سے کم اجرت، منافع میں شراکت، بونس، گروپ انشورنس اسکیم، گروپ انسینٹوز اسکیم وغیرہ کی ضمانت دی گئی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ضیاء کی آمریت نے ان میں سے بہت ساری مراعات کو واپس لے لیا۔ ضیاء نے مزدوروں کے حقوق کے حصول کے سلسے میں حاصل کی گئی بہت ساری کامیابیوں کو ختم کردیا۔ آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت حکومت نے بھی بینظیر امپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم متعارف کروائی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے صرف بیروزگاری اور غربت کو بڑھایا ہے۔ گذشتہ ڈھائی سالوں میں لاکھوں افراد بیروزگار اور غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیئے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی مزدوروں اور محنت کش طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top