جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

سندھ ہائی کورٹ میں خان شورو و دیگر کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت

04 جولائی, 2019 12:35

کراچی : سندھ ہائی کورٹ میں خان شورو و دیگر 15 ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت، عدالت نے نیب کو ریفرنس اور تحقیقات سے متعلق درخواستیں الگ الگ کرنے کی ہدایت کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر بلدیات جام خان شورو و دیگر 15 ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ جام خان شورو و دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سامعت کے موقع پر عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا جام خان شورو کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایک کیس میں ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے، دوسرے میں تحقیقات جاری ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جام خان شورو تحقیقات سے متعلق نیب سے تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ عدالت نے جام خان شورو کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ اگر یہ نیب سے تعاون نہیں کر رہے تو یہ درخواست زیر سماعت کیوں ہے۔

جام خان شورو کے وکیل خالد جاوید خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سی این جی اسٹیشن سے متعلق تحقیقات بدنیتی پر مبنی ہیں۔ ہم مکمل تعاون کرنے کو تیار ہیں مگر قانون کے دائرے میں عمل کیا جائے۔ پرائیوٹ سی این جی اسٹیشن کا 30 سالہ ریکارڈ کہاں سے لائیں۔ پرائیویٹ سی این جی اسٹیشن سے قومی خزانے کو نقصان کا کیا تعلق ہے۔

کیس میں نامزد دیگر ملزمان میں محمد حنیف، سید فرزند علی، ندیم احمد صدیقی، فدا حسین شورو، سید افتخار الحسن، شاہ نواز سومرو، امتیاز علی، اصغر میمن، سلیم احمد زاہد، محمد بچل میر بہار، شاہد پرویز میمن بھی ملزمان میں شامل ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ نیب کو تحقیقات کے لیے مزید کتنا وقت درکار ہوگا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ 6 ہفتوں میں جام خان شورو کے خلاف تحقیقات مکمل کر لیں گے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے بیان پر نیب کو مزید مہلت دے دی۔

عدالت نے نیب کو ریفرنس اور تحقیقات سے متعلق درخواستیں الگ الگ کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے ایک درخواست 7 اگست جبکہ دوسری درخواست 22 اگست کے لیے ملتوی کردی۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top