جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا کہ روس کا دورہ کیوں کیا : وزیر اعظم

01 اپریل, 2022 15:45

اسلام آباد : عمران خان کا کہنا ہے کہ اہم چیز یہ ہے کہ ملک اور قوم متحد ہو، بھارت پابندیوں کے باوجود روس سے تیل خرید رہا ہے، ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا کہ روس کا دورہ کیوں کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے جامع سلامتی کے موضوع پر دو روزہ اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا کہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کو مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں شاید ووٹ کیلئے ریاست مدینہ کی بات کرتا ہوں۔ ریاست مدینہ کی کامیابی تاریخ کا حصہ ہے۔ ہم نے سیکیورٹی سے متعلق کبھی بات نہیں کی۔ ہمارے دماغ میں ہمیشہ سیکیورٹی کا مطلب فوج تھا۔ سیکیورٹی ڈائیلاگ ملک کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے : وزیراعلیٰ پنجاب

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی پالیسی مخلوط نہ ہو تب تک وہ خود کو محفوظ نہیں سمجھتا ہے۔ عوام جب کھڑی ہوتی ہے وہ دنیا کی طاقتور قوم بن جاتی ہے۔ ایک چھوٹے سے ایلیٹ طبقے نے ملک پر قبضہ کرلیا۔ پاکستان کے غیر محفوظ ہونے کی وجہ امیر غریب میں فاصلے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے نظام میں فرق پیدا کردیا گیا ہے۔ ملک میں انصاف، تعلیم اور صحت کے فرق کو ختم کرنا ہوگا۔ بے روزگاروں کو ریاست روزگار دینے کی کوشش نہیں کرتی تھی۔ کوئی بھی معاشرہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ جب تک طاقتور قانون کے نیچے نہیں آتا معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا ماڈل سمجھ جائیں تو وہی ملک کی سیکیورٹی ہے۔ قبائلی علاقہ 80 سال انگریزوں سے لڑتا رہا۔ افغانستان کے قبائلی علاقوں میں جرگے سے قانون کی حکمرانی تھی۔ افغانستان کے لوگ اپنی آزادی کیلئے لڑتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جو باہر سے آیا ان کے خلاف مقابلہ کیا گیا۔ خودداری اور آزاد خارجہ پالیسی ملک کے لیے سب سے اہم ہے۔ 60 کی دہائی کے بعد ترقی کا سفر دوسروں پر انحصار کرنے سے رک گیا۔ ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا کہ روس کا دورہ کیوں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت جو ان کا اتحادی ہے، وہ روس کی پوری مدد کر رہا ہے۔ بھارت پابندیوں کے باوجود روس سے تیل خرید رہا ہے۔ بیان پڑھا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اسے کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔ اگر بھارت خود مختار ملک ہے، تو ہمیں بتائیں ہمارے ملک کی پالیسی کیا ہے؟

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے ہم نے امریکا کو ناراض کردیا ہے۔ یہ کہتے ہیں امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہیئے۔ ہم ان لوگوں کو موردالزام نہیں ٹھہراتے یہ قصور ہمارا ہے۔ کوئی ملک کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا یہ ہماری غلطی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ ملک اور قوم متحد ہو۔ ہم نے وہ کام کیا جو ترقی یافتہ ممالک نے بھی نہیں کیا۔ 9 الیون کے بعد جنگ میں شرکت سے کیا نقصان ہوا، کسی نے توجہ نہ دی۔ سعودی عرب، ترکی اور ایران میں کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر کوشش کررہے ہیں کہ روس یوکرین کا تنازع حل ہو۔ ڈالرز کی ایڈ کی وجہ سے لوگوں کے مفاد پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top