جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

نواز شریف کا قیام قانونی ہے، الزامات کا بہت سامنا کرلیا لیکن اب بس : مریم اورنگزیب

06 اگست, 2021 11:29

اسلام آباد : مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تمہارے جھوٹے الزامات کا بہت سامنا کرلیا لیکن اب بس، مسلم لیگ ن کا کارکن جذباتی ہوا تو ذمہ دار یہ ترجمان اور یہ ٹولہ ہوگا۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میاں محمد نواز کی ویزا درخواست مسترد ہونے پر کرائے کے ترجمانوں کی عید ہوگئی۔ یہ کرائے کے ترجمان جھوٹے ترجمان ہیں۔ یہ کرائے کے ترجمان بیانات اور وفاداریاں تبدیلی کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے میڈیکل گراؤنڈ پر ویزے میں توسیع کی درخواست دی تھی، جو برطانیہ میں معمول کی کارروائی ہے۔ نواز شریف کے وکلاء نے ٹربیونل میں درخواست دائر کردی ہے۔ جب تک ٹربیونل فیصلہ نہیں دیتا نواز شریف کا قیام قانونی ہے۔ ہوم ڈپارٹمنٹ نے درخواست پر کہا کہ آپ کے پاس اپیل کا حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت نے بھجوایا تھا۔ یہ لوگ جھوٹے الزامات پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ نواز شریف سزا سننے کے بعد بیٹی کے ساتھ پاکستان آئے تھے۔ ن لیگ کی قیادت کو جھوٹے الزامات میں موت کی چکیوں میں رکھا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹوں کے ٹولے کے پاس مخالفین کی صحت پر سیاست کے سوا کچھ نہیں۔ کرائے کے ترجمان آٹا، چینی کی قیمتوں پر پریس کانفرنس نہیں کرسکتے۔ عوام کے لئے ریلیف کی خاطر کوئی پریس کانفرنس نہیں ہوتی۔ یہ کارکردگی دکھا سکتے ہیں نہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کردی

ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت کا نواز شریف کی صحت پر بیانیہ سیاسی ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے مزید تفتیش کرنا تھی تو جیل میں کیوں نہ کی؟ کونسا وزیر اعظم آج تک بیٹی کیساتھ نیب میں پیش ہوا؟ جو بیٹی کو ہاتھ پکڑ کر ملک واپس آئے، کہا جاتا ہے وہ بھاگ گئے۔

انہوں نے کہا کہ نیب حراست میں ایسا کیا ہوا جس سے نواز شریف کی طبیعت خراب ہوئی؟ نیب حراست میں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے، انہیں سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا۔ تین سال میں احتساب کا بیانیہ دفن ہوگیا۔ کرائے کے ترجمانوں کو شرم آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان جھوٹوں کے بیانات پر توجہ نہ دیں۔ عمران خان نے اپنی تسلی کے لئے شوکت خانم کے ڈاکٹرز کو بھی بھجوایا۔ معلوم کیا گیا کی کہ واقعی میاں نواز شریف بیمار ہیں۔ انٹیلیجنس بیورو کے اہلکاروں کو سروسز اسپتال بیٹھائے رکھا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمہارے جھوٹے الزامات کا بہت سامنا کرلیا لیکن اب بس۔ مسلم لیگ ن کا کارکن اس وقت جذباتی ہے اگر کچھ ہوا تو ذمہ دار یہ ترجمان اور یہ ٹولہ ہوگا۔ جھوٹ اگر بولا ہوگا تو حکومت نے بولا ہوگا، نواز شریف کو جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top