جمعہ، 20-ستمبر،2024
جمعہ 1446/03/17هـ (20-09-2024م)

لاہور ہائیکورٹ نے بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں پر نوٹس لے لیا

20 اپریل, 2021 14:50

لاہور : ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں پر نوٹس لیتے ہوئے کل تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے لائنیں ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد جمیل خان نے کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ حکومت نے جو کہا وہی قیمت مقرر کروا دی؟   چینی کے خریداروں کی لمبی قطاروں کیوں لگوائی جارہی ہیں؟ کیا لوگوں کو چینی 85 روپے میں مل رہی ہے؟ میڈیا پر خبریں آپ کے بیان سے مختلف ہیں۔ اگر بات مختلف ہوئی تو لاء افسر صاحب آپ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کروں گا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ جی بالکل لوگوں کو85 روپے میں چینی مل رہی ہے۔ عام دکانوں میں 85 جبکہ رمضان بازاروں میں 65 روپے سبسڈی پر چینی مل رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ نے لوگوں کو بھکاری بنا دیا ہے، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ لوگوں کو لائن لگوا کر نہیں بلکہ کرسیوں پر بٹھا کر چینی دی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہباز شریف کی درخواست ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ کا فل بینچ تشکیل

جسٹس شاہد جمیل خان نے استفسار کیا کہ کتنی سبسڈی دے رہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں 15 روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

عدالت نے کہا کہ 15 روپے کے پیچھے آپ نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے۔ رمضان بازاروں میں چینی کی خرایداری کے لیے لمبی لمبی لائن نہیں لگنی چاہیے۔ یہاں عدالت میں حلف نامہ جمع کروائیں کہ لائنیں نہیں لگیں گی۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر پہلے ہی ایکشن لے چکے ہیں۔ جو ڈیلر سیلز ٹیکس کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہوگا اس کو چینی نہیں ملے گی۔ یوٹیلٹی اور دیگر اسٹورز پر لائنیں نہیں لگتیں۔ رمضان بازاروں کے اسٹالز لگنے کی وجہ سے لائنیں لگتی ہیں۔ جسٹس شاہد جمیل خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top